ٹانک: کھلونا نما بم پھٹنے سے ایک ہی خاندان کے 3 بچے جاں بحق
ٹانک(این این آئی)ٹانک کے نواحی علاقہ شاہ عالم کے قریب کھلونا نما بم پھٹنے سے ایک ہی خاندان کے تین معصوم بچے جان کی بازی ہار گئے، جاں بحق ہونے والے تینوں بچے بھائی ہیں ۔پولیس ذرائع کے مطابق جمعہ کے روز ٹانک کے نواحی گائوں شاہ عالم کے قریب نالہ میں تین معصوم بچے وحید،ناصر اور فرمان اللہ نہا رہے تھے کہ اس دوران ان کو پانی میں کھلونا نما بم ملا جسکو اٹھا کر وہ گھر کے ساتھ واقع اپنی پرچون کی دکان پر لے آئے اور کھیلنا شروع کر دیا اس دوران بم پھٹ گیا جسکی زد میں آکر تینوں بچے جاں بحق ہوگئے۔تینوں بچے جنکی عمریں 5،7 اور 13 سال بتائی جاتی ہیں آپس میں بھائی ہیں ،جاں بحق ہونے والے بچوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹانک پہنچا دیا گیا۔ ادھر مقامی پولیس نے مذکورہ واقع ہر تفتیش کا آغاز کر دیا ،اطلاع ملتے ہی ضلعی پولیس سربراہ سجاد احمد صاحبزادہ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا اور معصوم بچوں کی ناگہانی وفات پر انتہائی دکھ اورافسوس کا اظہار کیا۔