• news

کینیڈا میں 7 پاکستانیوں کی آتشزدگی سے اموات مجرمانہ کارروائی نہیں:دفتر خارجہ

اسلام آباد(نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کینیڈا کے علاقہ البرٹا میں 4بچوں سمیت 7 پاکستانیوں کی موت پردکھ ہوا ۔ آگ لگنے کا واقعہ مجرمانہ کارروائی نہیں۔ وینکوور میں ہمارا قونصل خانہ متعلقہ کینیڈین حکام کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ حقائق سامنے آسکیں۔وزیر خارشاہ محمود قریشی نے کینیڈین صوبے البرٹا کے علاقے چیسٹرمیئر میں آتشزدگی کے واقعہ میں پاکستانی نژاد کینیڈین خاندان کے 7 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دل گرفتہ ہوں،آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کیلئے کینیڈین حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں،وزیرخارجہ نے اس واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے مغفرت و بلندی  درجات کی دعا کی ۔وزیر خارجہ نے غمزدہ خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں ، انہوں نے کہا کہ   کینیڈا میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر اور پاکستانی قونصلیٹ وینکوور، متاثرہ خاندان کے ساتھ مسلسل رابطے میں  ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا متاثرہ خاندان کو ہر قسم کا تعاون فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی  ہیں۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے البرٹا، کینیڈا میں آتشزدگی سے جاں بحق7 پاکستانی خاندان کے لواحقین سے اظہارافسوس کیا ہے۔ہفتہ کو اپنے بیان میں انہوں نے بدقسمت خاندان کے افراد کی اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور لواحقین سے دلی ہمدردی کی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ بدقسمت واقعے پر دلی رنج ہوا، سانحہ پر پوری قوم رنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی دعائیں متاثرہ خاندان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی جاں بحق افراد کو جنت میں اعلی مقام دے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وینکوور میں ہمارا قونصل خانہ متعلقہ کینیڈین حکام کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ حقائق سامنے آسکیں۔

ای پیپر-دی نیشن