مسلم لیگ ن لائرز فورم نے صدارتی امیدوار سپریم کورٹ باراحسن بھون کی حمایت کردی
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) مسلم لیگ ن لائرز فورم نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدارتی امیدوار احسن بھون کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس جاوید اقبال آڈیٹوریم میں تقریب میں مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے خصوصی شرکت کی۔ سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، ن لیگ لائرز فورم کے صدر نصیر بھٹہ اور ن لیگ لائرز فورم کے صوبائی و ضلعی صدور نے بھی شرکت کی۔ احسن بھون نے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ ہم جمہوری قوتوں کے ساتھ ہیں۔وکلا نے ہمیشہ ملکی ترقی اور جمہوریت کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ عاصمہ جہانگیر کے انڈیپنڈنٹ گروپ کے صدارتی امیدوار سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن احسن بھون نے مسلم لیگ ن لائرز فورم کی جانب سے ان کی حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ وکلا کی فلاح بہبود کیلئے ہمیشہ کام کرتے رہیں گے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ووٹ کو عزت دینے کا مطلب یہی ہے کہ ملک کو ووٹ کی طاقت سے چلنے دیا جائے آج تک ملک کو ووٹ کی طاقت سے چلنے نہیں دیا گیا، پوری اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ قوم کو شفاف الیکشن دیا جائے، شفاف الیکشن کے بغیر حالات کا مقابلہ نہیں کیا جاسکتا، ملک میں بہتری سیاسی استحکام کے بغیر ممکن نہیں، انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر آج بھی قوم کو یکجا نہ ہونے دیا گیا تو شائد ہم خطروں کا مقابلہ نہ کرسکیں۔ آرمی چیف نے بھی کہا ہے کہ فوج تب ہی جنگ جیت سکتی ہے جب قوم ساتھ کھڑی ہو، وکلاء برادری کو ایسے نمائندے چننا ہوں گے جو قانون کی حکمرانی کا پرچم بلند کریں۔ اس موقع پر رانا ثناء اللہ خان نے سپریم کورٹ بار کے لیے صدارتی امیدوار احسن بھون کی حمایت کا اعلان کیا۔