بجلی کی قیمتوں میں اضافہ قابل مذمت ہے:جاوید قصوری
لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پٹرولیم اور ایل پی جی کے بعد بجلی کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ قابل مذمت ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں21بار اضافہ اور صارفین سے 2ہزار ارب وصول کئے گئے۔تحریک انصاف کے دور حکومت میں گردشی قرضہ 1200سے بڑھ کر 2600ارب ہو چکا ہے۔ بجلی کا ٹیر ف بلند ترین سطح تک پہنچ چکا ہے۔ دو سال میں بجلی کی قیمتوں میں دو سو فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ معیشت تباہ حال ، عوام بے روزگار ہورہے ہیں۔ یہاں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں غربت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہے کہ 22کروڑ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ حکومت کے سارے اقدامات محض ڈنگ ٹپاؤکے سوا کچھ نہیں۔ حکومت کے اپنے افراد مہنگائی میں اضافے کا اعتراف کررہے ہیں۔