• news

بدعنوانی ملکی سماجی اقتصادی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ: چیئرمین نیب 

اسلام آباد(نامہ نگار)قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بدعنوانی ، غربت کو جنم دیتی ہے اور ملکی سماجی اقتصادی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے ، اقوام متحدہ کے کنونشن انسداد بدعنوانی کے تحت پاکستان کا فوکل ادارہ ہونے کی حیثیت سے قومی احتساب بیورو احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے پاکستان کو بدعنونی سے پاک کرنے اور اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پر عزم ہے۔ انسداد بدعنوانی کے سب سے بڑے ادارے کی حیثیت سے قومی احتساب بیوروکو بدعنوانی اور بدعنوان عوامل کے خاتمے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے  جس کیلئے نیب آگاہی تدارک اور اطلاق کی سہ رکنی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے ۔ معاشرے سے اس برائی کے خاتمے کیلئے متواتر تمام سٹیک ہولڈرکو اعتماد میں لے رہاہے اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ اس قومی لعنت کے خلاف جدوجہد میں مصروف عمل ہے جس کیلئے قومی ا حتساب بیورو  نے کثیر الجہت حکمت عملی اختیار کر رکھی ہے جس کے گراں قدر نتائج برآمد ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ اس کے علاوہ قومی احتساب بیورو نے وائٹ کالر میگا بدعنوانی کے مقدمات کو 10ماہ کی مدت میں تیز رفتاری سے نمٹانے کی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے انسداد بدعنوانی کے دیگر اداروں کیلئے مشعل بردار ادارے کا کام کیا ہے۔ جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ منی لانڈرنگ کی حوصلہ شکنی کے حوالے سے نیب نے اینٹی منی لانڈرنگ اینڈ کمبیٹنگ فنائنسنگ آف ٹیررازم (اے ایم ایل اینڈ سی ایف ٹی)سیل کا قیام عمل میں لایا ہے  جو بین الاقوامی برادری کی قراردادوں پر عمل درآمد کے حوالے سے بیورو کے عزم کا عکاس ہے۔قومی احتساب بیورو سارک ممالک کے انسداد بدعنوانی فورم کا بھی بانی چیئرمین ہے جو سارک ممالک کے لئے عملی نمونہ بھی ہے ۔ 

ای پیپر-دی نیشن