لوڈشیڈنگ جاری، معمولات متاثر: شارٹ فال کم ہوگیا، پاور ڈویژن
لاہور، اسلام آباد، ڈسکہ، کمالیہ، وزیر آباد (نوائے وقت رپورٹ، خصوصی نامہ نگار، نامہ نگاران) لاہور سمیت بیشتر شہروں میں لوڈشیڈنگ بدستور جاری ہے۔ ڈسکہ میں وولٹیج کا مسئلہ نقصان کا باعث بن رہا۔ کمالیہ میں پاور لومز کے ہزاروں مزدور متاثر ہوئے۔ وزیر آباد میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی بدستور جاری رہی جس سے معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے۔ دوسری جانب ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ چند روز سے جاری بجلی کے بحران میں بتدریج کمی آرہی ہے اور بجلی کا شارٹ فال گھٹ کر 2 ہزار200 میگاواٹ رہ گیا ہے۔ دوسری جانب پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فنی خرابی کے نام پر غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ کئی شہروں میں 8 جب کہ دیہات میں 12 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ بدستور جاری ہے۔ کمالیہ سے نامہ نگارکے مطابق کمالیہ شہر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں اضافہ، پاورلومزکے ہزاروں مزدور شدید متاثر ہورہے ہیں۔ پاور لومز کا کاروبار بھی شدید متاثر ہو رہا ہے۔ پاور لومز مالکان کا کہناہے کہ روزانہ کی پروڈکشن آدھی سے بھی کم ہو کررہ گئی ہے اور دیہاڑی دار مزدوروں کی آمدنی میں کمی کی وجہ سے انکے گھروں میں فاقوں کی نوبت آن پہنچی ہے۔ ڈسکہ سے نامہ نگار، نمائندہ خصوصی کے مطابق ڈسکہ اور اس کے گردونواح میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ عروج پر ہوگیا، کم وولٹیج اور بجلی کی آنکھ مچولی سے قیمتی الیکٹرانکس اشیاء جل گئیں۔ علاقہ مکینوں کا لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری بلبلا اٹھے۔