• news

اوکاڑہ: 2 کمسن مغوی بھائیوں کی نعشیں برآمد،  زیادتی کی تصدیق

اوکاڑہ (نامہ نگار) اوکاڑہ میں 2 بھائیوں پانچ سالہ علی احمد اور گیارہ سالہ طحٰہ کی پوسٹمارٹم رپورٹ میں دونوں بھائیوں سے زیادتی کی تصدیق ہو گئی ہے۔ دونوں کی نعشیں نہر سے ملی تھیں۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز اوکاڑہ کے رحمن کالونی سے اغواء کے بعد قتل ہونے والے دونوں بھائیوں کی نعشوں کو ریسکیو 1122 نے 36 گھنٹوں کے آپریشن کے بعد نہر سے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا تھا جہاں دونوں بھائیوں کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ اے ایم ایس ڈاکٹر اعجاز شاہ کے مطابق یہ کنفرم ہو گیا ہے کہ دونوں بھائیوں کے ساتھ زیادتی کا عمل کیا گیا۔ مگر کتنے افراد نے کیا؟ یہ ابھی تعین ہونا باقی ہے۔ میتیں گھر پہنچنے پر پورے محلے میں کہرام مچ گیا۔ ہر آنکھ اشکبار تھی۔ شام پانچ بجے دونوں بھائیوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ دوسری طرف پولیس حراست میں ملزمان نعمان اور تنویر نے دونوں بھائیوں کو ناصرف قتل کرنے بلکہ ان کے ساتھ زیادتی کرنے کا بھی اعتراف کر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان نے اپنے ایک تیسرے ساتھی عبدالغفار کے ساتھ ہونے کا بھی اعتراف کیا۔ پولیس ساتھی کی گرفتاری کے لئے چھاپے مار رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن