5 جولائی آج یوم سیاہ، منتخب عوامی حکومت کا تختہ الٹا گیا: بلاول، زرداری
کراچی+لاہور(این این آئی+نامہ نگار)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 5 جولائی کو پاکستانی عوام کی جمہوری امنگوں پر بہیمانہ حملہ ہوا۔ اپنے پیغام میں بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے سقوط ڈھاکہ کے بعد ٹکڑے ٹکڑے قوم کو متحد کیا تھا اور مضبوط معاشی عزائم کے ساتھ قوم کو متحرک جمہوری نظام میں اکٹھا کیا تھا۔ ایٹمی طاقت بننے کے راستے پر ملک کو ڈالا۔ ذوالفقار علی بھٹو نے ریاست کو جمہوری بنانے کے ذریعے، بااختیار منتخب لوگوں سے اقتدار حاصل کرکے اور لوگوں تک پہنچا کر عوام کو بااختیار بنایا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 1977 ء کا مارشل لا پاکستان کے عوام پر بدترین حملہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو نے امت مسلمہ کو متحد کیا اور عالم اسلام کی سیاسی بیداری کے ساتھ رہنمائی کی اور دو آمروں کا مقابلہ کیا اور اسے للکارا، اور بہادری کے ساتھ لوگوں کے حقوق کے لئے جنگ لڑی، یہاں تک انہیں تختہ دار کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے حامیوں اور پیروکاروں کو کوڑے، قید تنہائی، قید اور پھانسی سمیت غیر انسانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ پانچ جولائی 1977 میں پیپلزپارٹی کی منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر اس وقت کے فوجی آمر جنرل ضیاء الحق کی جانب سے مارشل لاء لگانے کے خلاف پیپلزپارٹی کے تحت (آج) 5 جولائی پیرکے روز یوم سیاہ منایا جائے گا۔ پیپلزپارٹی رہنمائوں کا کہنا ہے کہ جن قوتوں نے ذوالفقار علی بھٹو کی منتخب حکومت کا تختہ الٹا وہی ان کے " عدالتی قتل" میں بھی ملوث تھے۔ پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو،سیکرٹری جنرل وقار مہدی، پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر صوبائی وزیرسعید غنی، سیکرٹری جنرل جاوید ناگوری، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات کراچی ڈویژن آصف خان کا کہنا ہے کہ تاریخ میں اس دن کو ہمیشہ سیاہ دن کے طور پر ہی یاد رکھا جائے گا۔ 1977 کے مارشل لاء کے بعد سیاسی کارکنوں نے اپنی جدوجہد سے پارٹی کو زندہ رکھا۔ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے 5 جولائی کے پیغام میں کہا کہ آمر ہلاک ہو گئے لیکن تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرتی۔ 5 جولائی 1977ء کو پاکستان کی تاریخ میں ایک فوجی بغاوت میں جب ایک آمر نے جمہوری حکومت کا خاتمہ کیا تو وہ کالا دھبہ رہا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اعلیٰ ہے کا بیانیہ غالب آئے گا۔لاہور میں ماڈل ٹاؤن میںپیپلز پارٹی سنٹرل سیکرٹریٹ میں یوم سیاہ کی تقریب آج پیر صبـح11 بجے منعقد ہو گی ۔تقریب کی صدارت پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے سینئر نائب صدر چوہدری اسلم گل کریںگے جبکہ تقریب میں عثمان ملک، حاجی عزیز الرحمن چن، اشرف بھٹی،زاہد ذوالفقار اور دیگر عہدیدار شرکت کریں گے۔