• news

جماعت اسلامی کا مہنگائی، بیروز گاری کیخلاف یوم احتجاج مطاہرے، ریلیاں

لاہور‘ قصور‘ حافظ آباد‘ گوجرانوالہ‘ راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار + نامہ نگاران + اپنے سٹاف رپورٹر سے + نمائندہ خصوصی + نمائندہ نوائے وقت) لاہور سمیت کئی شہروں میں جماعت اسلامی نے مہنگائی‘ بیروزگاری‘ سودی نظام اور حکومتی پالیسیوں کیخلاف مظاہرے کئے۔ ریلیاں نکالیں اور یوم احتجاج منایا گیا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ساہیوال سمیت پورے صوبے میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ لوگوں نے بھرپور شرکت کی اور حکو متی معاشی پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہروں میں لوگوں نے مختلف بینرز، فلیکس اور چارٹ اٹھا رکھے تھے۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہروں سے خطاب کیا اور کہا کہ پٹرولیم اور ایل پی جی کے بعد بجلی کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ قابل مذمت ہے۔ پچاس لاکھ گھر دینے کا وعدہ کرنے والوں نے پراپرٹی پر 35فیصد تک ٹیکس لگا کر لوگوں سے چھت چھیننے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔ فیصل آباد میں سردار ظفر حسین خان اور محبوب الزمان بٹ نے کہا کہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ وزیراعظم کے پاس کسی بھی قسم کی کوئی با صلاحیت ٹیم نہیں۔ ہر ماہ 20افراد خود کشی کر رہے ہیں۔ کوئی ایک وعدہ بھی ایسا نہیں جو حکومت نے پور ا کیا ہو۔ تبدیلی نے ملک و قوم کا حلیہ بھی بگاڑ کر رکھ دیا ہے۔ اوکاڑہ میں امیر ضلع بابر رشید نے کہا کہ بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ نہیں کیا گیا۔ سود کا خاتمہ کر کے ہی معیشت کو استحکام دیا جا سکتا ہے۔ قصور میں خطاب کرتے ہوئے راو اختر نے کہا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کو جینا محال کر کے رکھ دیا ہے۔ گوجرانوالہ میں خطاب کرتے ہوئے مظہر اقبال رندھاوا نے کہ کہ ایک طرف عوام مہنگائی، بے روزگاری اور گڈ گورننس کے فقدان پر فریاد کناں ہیں تو دوسری جانب حکومت کی کارکردگی نے عوام کو مایوسی کے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔ جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ کے باہر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، امیر جماعت اسلامی لاہو ر ذکر اللہ مجاہد، نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے ملتان، اسد اللہ بھٹو نے حیدر آباد، جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے سکھر، امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے پشین، کوئٹہ میں ہدایت الرحمن، امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے منڈی بہاؤالدین، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کراچی اور امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب رائو محمد ظفر نے ملتان، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی وسطی پنجاب بلال قدرت بٹ نے گوجرانوالہ، فیصل آباد میں سردار ظفر حسین اور جماعت اسلامی یوتھ کے قائدین نے مہنگائی بے روزگاری کیخلاف احتجاجی مظاہروں کی قیادت اور خطاب کیا۔ امیر العظیم نے کہا حالیہ بجٹ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کا بجٹ ہے۔ پی آئی اے، سٹیل ملز اور دیگر اداروں کی نج کاری کا اعلان اور سینکڑوں ملازمین کو ملازمتوں سے نکال دیا گیا۔ (ن) لیگ اور پی پی صرف اپنے مفاد کے لیے باہر نکلتی ہیں۔ عوام کے مفا د کے لیے نہیں نکلتیں۔ ذکر اللہ مجاہد نے کہاکہ موجودہ حکومت کا بجٹ ظالمانہ اور غریب کش ہے۔ پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا۔ قیصر شریف، انجینئر اخلاق، محمود الاحد ، ضیاء الدین انصاری، جے آئی یوتھ لاہور کے صدر عبداللہ اعجاز اور امیر جماعت اسلامی غربی عبدالعزیز عابد بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں وسائل کا نہیں، حکمرانوں کی اہلیت، صلاحیت اور وژن کا شارٹ فال ہے۔ وزیراعظم نے بائیس کروڑ عوام کو ہمیشہ دائیں دکھا کر بائیں ماری ہے۔ سینکڑوں دعوے، وعدے او ر اعلانات کیے لیکن عمل کا خانہ خالی ہے۔ اپوزیشن کا حکومت کے ساتھ فرینڈلی میچ عوام سے بے وفائی ہے۔ حکومت نے غریب عوام کو مہنگائی و بے روزگاری کی زنجیر میں باندھ کر لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلا کر دیا۔ بجلی، گیس، پٹرول کے بعدکھانے پینے کی اشیاء میں ہونے والا اضافہ حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی ، پی ٹی آئی کے پاس کوئی انقلابی ایجنڈا نہیں بلکہ یہ تینوں سامراجی نظام کے سٹیٹس کو کا سیمبل ہیں۔ گھریلو تشدد بل کی منظوری سے ان کی حقیقت مزیدکھل کر سامنے آگئی ہے۔ حکومت نے جو بل منظور کیا ہے اس سے پاکستان میں خاندانی نظام تباہ ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دو روزہ تربیت گاہ کے آخری روز منصورہ میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی کو اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو وہ ملک کے عوام کو سودی نظام ، آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سے نجات دلائے گی۔ غریب طبقے کے لیے آٹا ، گھی ، چینی ، دالوں پر تیس فیصد سبسڈی دے گی۔ سراج الحق نے کہاکہ غیور اور بہادر افغانوں نے امریکہ اور اس کے حواریوں کو عبرتناک شکست سے دوچار کر دیا ہے۔ اب امریکہ اور سامراج افغانستان میں خانہ جنگی اور افغانوں کو تقسیم در تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن انہیں اس میں ناکامی ہوگی۔ گوجرانوالہ میں ریلی کی قیادت ضلعی امیر جماعت اسلامی مظہر اقبال رندھاوا اور ضلعی صدر جے آئی یوتھ بشارت علی صدیقی نے کی۔ شرکا نے کتبے اور بینرز بھی اٹھائے ہوئے تھے جن پر بے روزگاری، مہنگائی کے خلاف نعرے درج تھے۔ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی کی اور روزگارکی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ شیرانوالہ باغ سے شرو ع ہو کر پرانا ریلو ے سٹیشن پر اختتا م پذیر ہوا۔ مظہر اقبال رندھاوا نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران بے روزگاری و مہنگائی کی ذمہ داری پچھلی حکومتوں پر ڈا ل کر خود خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں۔بشارت  صدیقی نے کہا کہ ملک کو مدینہ کی ریاست میں بدلنے کا اعلان کیا گیا، مگر سودی نظام کی بھرپور پذیرائی ہوئی،پٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لیا جائے۔حافظ آباد میں احتجاجی ریلی جامع الفتح سے نکالی گئی۔ قیادت رکن صوبائی شوری امان اﷲچٹھہ، محمد حنیف گوندل، ملک شوکت پھلروان ، آصف نارو اور ہمایوں مغل نے کی۔ امان اﷲ چٹھہ نے کہا کہ دوسال سے جاری آٹا، چینی، کا بحران ختم کرنے میںحکومت بری طرح ناکام ہوئی ہے۔ تیل کے نرخوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ حکومت فوری واپس لے۔ وگرنہ احتجاج کا دائرہ ملک بھر میںپھیلا دیا جائے گا۔ قصور میں بھی بلدیہ چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ لوگوں نے حکومتی ناکام معاشی پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مقررین نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم‘ ایل پی جی کے بعد بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ قابل مذمت ہے۔ پچاس لاکھ گھر دینے کا وعدہ کرنے والوں نے لوگوں کو بے گھر کر دیا ہے۔ بجلی بحران سنگین ہوتا چلا جا رہا ہے۔ سود کا خاتمہ کر کے ہی معیشت کو استحکام دیا جا سکتا ہے۔ اداروں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ پنڈی میں بھی مری روڈ پر مظاہرہ کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن