قندر ھا دھماکہ، گورنر کے سکیر ٹری سمیت2ہلاک، بگرام بیس سے ــ را ایجنٹس بھی واپس
کابل (نوائے وقت رپورٹ+ شنہوا+ آئی این پی) افغانستان کے صوبے قندھار میں دھماکہ ہوا ہے جس سے گورنر کے سیکرٹری منصور احمد اور سکیورٹی گارڈ جاں بحق ہو گئے۔ دریں اثناء طالبان نے جنوبی قندھار کے اہم ضلع پنجگوئی کا کنٹرول سنبھال لیا۔ رات بھر لڑائی جاری رہی۔ طالبان کے کنٹرول سنبھالنے کے بعد پنجگوئی ضلع سے علاقہ مکینوں کا انخلاء جاری ہے۔ گورنر سہتی محمد نے کہا کہ طالبان نے ضلعی پولیس ہیڈکوارٹرز اور گورنر آفس کی عمارت پر قبضہ کر لیا۔ افغانستان میں سکیورٹی فورسز کی دو کارروائیوں کے دوران 3 شہری‘24 طالبان مارے اور 25زخمی ہو گئے ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے صوبہ لغمان کے ضلع علیشنگ میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 9 عسکریت پسند ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے۔ فضائیہ نے صوبہ ننگرہار کے نواحی ضلع میں عسکریت پسندوں کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس میں 15 مارے اور 8 زخمی ہوگئے۔ میڈیا کے مطابق طالبان 372 میں سے 110 اضلاع پر قابض ہو چکے ہیں۔ بگرام ایئر بیس سے امریکی فوجیوں کے انخلاء کے بعد بھارتی اہلکاروں نے بھی فوری اپنے ملک واپسی میں عافیت سمجھی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اہلکاروں کو لینے بھارت سے کارگو جہاز C17 افغانستان پہنچا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران پروازوں کے ذریعے سینکڑوں اہلکاروں کو بھارت پہنچایا گیا۔ کارگو طیارے میں کوئی سامان نہیں تھا تاہم بھارت کی خفیہ ایجنسی را کے اہلکار موجود تھے جو افغانستان میں کئی عرصے سے خفیہ طور پر تعینات تھے۔ امریکی فوج کے انخلا کے بعد بھارت بھی افغانستان سے جلد از جلد فرار ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔