نو منتخب ایرانی صدر کو فونن: افغا نستان میں بگڑتی سکیورٹی صورتحال پر تشویش ہے: عمران
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے ایران کے نو منتخب صدر سید ابراہیم رئیسی کو 18جون کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دی ۔ اتوار کو وزیراعظم عمران خان نے نومنتخب ایرانی صدر کو ٹیلی فون کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے موجودہ دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں انہیں مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ صدارتی انتخاب میں سید ابراہیم رئیسی کی کامیابی ان کی قیادت پر ایرانی عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ اس موقع پر پاکستان ایران سرحد کے ساتھ مارکیٹس کے قیام کو اہمیت کا حامل اقدام قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اس سے دونوں ممالک کے عوام کو سماجی اور معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔ علاقائی تناظر میں وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں بگڑتی ہوئی سکیورٹی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ واقعات پاکستان اور ایران کے لئے سنجیدہ احتیاطی تدابیر کا تقاضا کرتے ہیں۔ اس صورتحال سے دونوں ممالک میں افغانستان سے مہاجرین کی آمد کا امکان ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان کے تنازعے کے بات چیت سے سیاسی حل کی ضرورت ہے۔ دونوں اطراف نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان کے عوام کے زیر ملکیت اور زیر قیادت سیاسی حل کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے تنازع جموں کشمیر پر ایران کی جانب سے پاکستان کی بھر پور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں اس دیرینہ مسائل کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔ بات چیت کے د وران اعلی سطح کے وفود کے تبادلوں پر بھی اتفاق کیا گیا جبکہ دونوں رہنمائوں نے ایک دوسرے کو سرکاری دوروں کی بھی دعوت دی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان آج پیر کو گوادر کا ایک روزہ دورہ کریں گے جہاں وہ مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ اور دیگر میگا منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی کابینہ کے اراکین بھی ہوں گے۔ توقع ہے کہ دورے کے دوران کئی مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔ جن میں بلوچستان کے لئے سولر جنریٹرز گرانٹ اور 12لاکھ گیلن روزانہ پانی صاف کرنے کا پلانٹ شامل ہے۔