حکومت پاکستان کو آگے، اپوزیشن پیچھے لے کر جانا چاہتی ہے: گورنر
لاہور، گوجرانوالہ (آئی این پی+ نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی اصولی اور نظر یاتی سیاست سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ لاہور سے جاری بیان میں چوہدری سرور نے کہا کہ پی ڈی ایم خود کو سیاسی میدان میں زندہ رکھنے کے لئے جلسے کر رہی ہے۔ حکومت مضبوط اور مستحکم ہے۔ مخالفین کے جلسوں سے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ہم پاکستان کو آگے اور سیاسی مخالفین پاکستان کو پیچھے لیکر جانا چاہتے ہیں۔ سیاسی مخالفین کی کہانی ختم ہو چکی ہے۔ آزاد کشمیر میں بھی جیت ہماری ہی ہوگی۔ چوہدری سرور نے کہا کہ آج پارلیمنٹ اور جمہوریت سمیت تمام ادارے مضبوط ہو رہے ہیں۔ ملک کی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کو سو فیصد یقینی بنایا جائے گا۔ انشاء اللہ پاکستان کامیابیوں کے ساتھ آگے بڑھتا رہے گا۔ پاکستان کا نوجوان تحریک انصاف کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ کامیاب پاکستان پروگرام ملکی ترقی کیلئے حکومت کا ایک اور مثالی منصوبہ ہے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پنجاب آب اتھارٹی کرپشن فری ہے۔ بغیر سیاسی تفریق قومی اسمبلی کے ہر حلقے میں 6 اور ہر صوبائی حلقے میں 3 فلٹریشن پلانٹس لگائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ کی سماجی شخصیت چوہدری آصف علی اور پی ٹی آئی سپورٹس ونگ وزیر آباد کے صدر شاہد عدنان پرویا کے ساتھ ملاقات کے موقع پرکیا۔