بھارت کو جوناگڑھ اور کشمیر کا قبضہ چھوڑنا ہو گا،نواب آف جوناگڑھ
اسلام آباد (آئی این پی ) نواب آف جوناگڑھ نواب محمد جہانگیر خان جی نے کہا ہے کہ بھارت کو جوناگڑھ اور کشمیر کا قبضہ چھوڑنا ہو گا، وقت آ گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرایا جائے، مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کر دی، جوناگڑھ کی ریاست کے وسائل پر قبضہ کیا جارہا ہے، نواب آف جونا گڑھ نے انسانی حقوق تنظیموں کو اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کردیا۔ محمد جہانگیر خان جی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر دنیا کے ہر فورم پر اٹھایا، انہوں نے جونا گڑھ کا مسئلہ بھی عالمی سطح پر اٹھانے کی اپیل کی۔ نواب آف جونا گڑھ کا کہنا ہے کہ 1948 میں بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف اقوام متحدہ میں گئے، اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ الحاق پر عمل درآمد کرایا جائے۔ نواب آف جونا گڑھ کا کہنا تھا کہ بھارت کے مسلمان بھی مودی سرکار کے ظلم و ستم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، اب ان کی آوازوں کو زبردستی دبابا نہیں جاسکتا۔