ہماری سیاسی جدوجہد عوامی رائے پر مرکوز ہے: خواجہ آصف
سیالکوٹ (نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ تمام دھڑے پی پی 38 کا الیکشن مل کر لڑرہے ہیں۔ اصل الیکشن امیدوار نہیں ورکر لڑ رہا ہوتا ہے۔ ہماری رائے عوام کے نقطہ نظر کی عکاس ہے۔ ہماری سیاسی جدوجہد پاکستان کی عوام کی رائے کے نقطے پر مرکوز ہے۔ عوام کی رائے کی بنیاد پر پاکستان میں حکومتیں بنیں۔ اگر پچھلے 72 سال میں عوام کی رائے کا احترام کیا جاتا تو بہتری آتی۔ گزشتہ بہتر سال کی روائت کو قصہ پارینہ بنانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرحوم ممبر صوبائی اسمبلی خوش اختر سبحانی کی رسم چہلم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا میاں نوازشریف کے بیانئے کو ورکرز آگے بڑھائیں۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور عہدیداران و معززین موجود تھے۔