فلپائن میں فوجی طیارہ تباہ، 29 ہلاک ،50 زخمی : پاکستان کا افسوس
منیلا‘ اسلام آباد (انٹرنیشنل ڈیسک+ نوائے وقت رپورٹ) فلپائن میں فوجی طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا جس کے نتیجے میں 29 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہو گئے۔ طیارہ لینڈنگ کے دوران صوبے سولو میں حادثہ کا شکار ہوا۔ طیارہ حادثے کی وجوہات ابھی تک سامنے نہیں آ سکی تاہم حکام کا کہنا ہے کہ ائرفورس کا طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے سے ہٹ گیا تھا۔ خبر ایجنسی کے مطابق سی 130 طیارے میں نئے تربیت یافتہ فوجی موجود تھے جنہیں انسداد دہشتگردی کی مشترکہ ٹاسک فورس میں بھیجا جا رہا تھا۔ پائلٹ نے ہنگامی صورتحال کے سبب کریش لینڈنگ کی جس کے دوران طیارے میں آگ لگ گئی۔ اطلاع ملتے ہی سول ایوی ایشن حکام اور ریسکیو ادارے موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔ بتایا گیا ہے کہ ملٹری طیارے میں عملے کے علاوہ 92 فوجی سوار تھے۔ فلپائن کے آرمی چیف نے بھی حادثے کی تصدیق کی ہے۔ واقعے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔ ادھر پاکستان نے فلپائن میں سی 130 طیارہ حادثے میں جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سمندر میں سی 130 طیارہ حادثے میں قیمتی جانوں کا نقصان ہوا۔ متاثرین کے اہلخانہ‘ فلپائنی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔