• news

 فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے عوامی تحریک کی ملک بھر میں ریلیاں

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام فلسطین کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور سمیت ملک بھر میں اظہار یکجہتی کیا گیا۔ لاہور پریس کلب کے باہر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے کے 24 گھنٹے کے اندر خلاف ورزی کی اور مسجد اقصٰی میں نماز کے لئے جمع فلسطینی مسلمانوں پر گرینیڈ پھینکے۔ معاہدے کے گارنٹر چپ کیوں ہیں۔ مسئلے کا پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد میں ہے۔ اسلامی دنیا میں جب بھی کوئی بحران جنم لیتا ہے یا جنگ مسلط کی جاتی ہے تو سلامتی کونسل مینڈیٹ کے مطابق اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام رہتی ہے۔ سلطان محمود چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کے کردار سے مایوسی ہوئی ہے۔ سکندر سنگھ خالصا نے کہا کہ فلسطین کے عوام کے ساتھ زیادتی بند ہونی چاہیے،حافظ غلام فرید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کی تشکیل نو اور ویٹو پاور کے غیر جمہوری اختیار پر نظر ثانی ہونی چاہیے، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، اشتیاق حنیف مغل،سہیل احمد رضا ،الطاف رندھاوا ،ثاقب بھٹی، راشد چودھری ،، شفاقت علی مغل،عائشہ شبیر، حاجی فرخ،نورین علوی، فنیقہ ندیم نے بھی خطاب کیا۔ عوامی تحریک کے زیر اہتمام منعقدہ اظہار یکجہتی کی ریلیوں میں بڑی تعداد میں نوجوان، خواتین اور طلباء  شریک ہوئے۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ غزہ میں نقصانات کے ازالہ اور متاثرین کی بحالی،زخمیوں کے علاج کیلئے اقدامات کرے، بند راستے کھولے جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن