سوات جلسے نے ثابت کر دیا عوام حکومتی پالیسیوں سے تنگ آ چکے: احسن اقبال
نارووال (نامہ نگار) سیکرٹری جنرل مسلم لیگ (ن) احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج سوات میں پی ڈی ایم جلسے نے یہ ثا بت کر دیا ہے کہ عوام اس حکومت کی پالیسوں سے تنگ آچکے ہیں۔ وہ اس حکومت کو رخصت دیکھنا چاہتے ہیں۔ حکومتی ترجمان جو دعوے کر رہے کہ ملکی معیشت جنت بن گئی ہے یہ دراصل عوام کے زخموں پہ نمک چھڑکتے ہیں۔ حکومت کے ترجمان کہتے ہیں کہ اعدادوشمار بولتے ہیں۔ بے شک ہر گلی محلے کے اندر ہر انسان کے اندر مہنگائی کے بول بولتے ہیں۔ اس کے بجلی اور گیس کے بل بولتے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ یہ نالائق حکومت ہے وہ کونسے اعدادوشمار ہیں جن سے یہ عوام کا پیٹ بھرنا چاہتے ہیں۔ حکومتی ترجمانوں کے اعداوشمار سے عوام کو روٹی نہیں ملتی،گھی،آٹا، سبزیاں، دالیں، انڈے، دودھ مہنگا ہو چکا ہے اور بجلی کا بل ناقابل برادشت ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج عوام آٹھ سے دس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ بھگت رہے ہیں۔ وہ حکومتی ترجمان اب کہاں ہیں جو کہتے تھے کہ نواز شریف ضرورت سے زیادہ بجلی کے منصوبے لگا گیا۔ اگر ضرورت سے زیادہ بجلی کے منصوبے لگے تھے تو لوڈشیڈنگ کا کیا جواز ہے۔ اس کا واضع مطلب ہے کہ ان نالائقوں سے بجلی کا نظام نہیں چل رہا۔ پہلے سردیوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی اب گرمیوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ جب گندم کی فصل بازار میں آتی تھی تو آٹا سستا ہوتا تھا۔ اب گندم کی فصل بازار آتی ہے تو آٹا مہنگا ہوتا ہے اور گندم بھی امپورٹ ہوتی ہے۔ یہ حکومت کی ناکامیاں ہیں جن کی وجہ سے یہ پچھلے دس ضمنی الیکشن ہار چکی ہیں۔ انتخابی اصلاحات کا مقصد دس انتخابی حلقوں میں الیکشن ہارنے کے بعد الیکٹرانک مشینوں کے ذریعے اگلا الیکشن چوری کرنا ہے۔ حکومت کو ہم اگلا الیکشن چوری نہیں کرنے دیں گے۔ اگلے الیکشن میں عوام پی ٹی آئی کے امیدواروں کی ضمانتیں ضبط کروائیں گے۔ احسن اقبال نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ امتحانات فوری طور پر 45دن کے لئے موخر کیے جائیں اور فوری ہنگامی کلاسز کا بندوبست کیا جائے۔ ڈبل شفٹ چلائی جائے۔