وزیراعلی بلوچستان کی اتنی اچھی تقریر انگریزی کی وجہ سے لوگوں کو سمجھ نہیں آئی: وزیراعظم
گوادر(اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے گوادر میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح اور سنگ بنیاد کی تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خطاب کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی تقریر اردو میں ہوتی تو 90 فیصد پاکستانیوں کو بھی پتہ چلتا کہ انہوں نے کیا کچھ کیا ہے۔ پیر کو تقریب میں وزیراعظم سے قبل وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے انگریزی زبان میں خطاب کیا اور صوبے میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ بعدازاں وزیراعظم جب خطاب کرنے آئے تو انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے بہت اچھی تقریر کی ہے اور ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا ہے لیکن وہ اگر انگریزی کی بجائے اردو میں خطاب کرتے تو لوگوں کو پتہ چلتا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کتنے ترقیاتی کام کرائے ہیں۔