سی این جی مہنگی، پنجاب میں 10 سندھ میں 16 روپے کلو اضافہ
اسلام آباد، کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) ٹیکسز کی شرح میں اضافے کے بعد پنجاب میں بھی سی این جی مہنگی فی کلو 10 روپے اضافہ، سی این جی ایسوسی ایشن کے مطابق حکومت نے ایل این جی پر جی ایس ٹی 12 فیصد بڑھا دیا ہے۔ پنجاب، خیبر پی کے میں سی این جی 88 سے بڑھ کر 106 روپے کلو ہوگئی۔ جبکہ کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی سٹیشنز 13 دن کی طویل بندش کے بعد پیر کی صبح 8بجے کھل گئے تاہم 16روپے فی کلو اضافے سے سی این جی نئے نرخ 140 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کی جاری ہے۔ سی این جی سٹیشنز کے باہر گیس کے حصول کیلئے گاڑیوں اور رکشوں کی لمبی لمبی قطاریں نظر آئیں۔ ترجمان سوئی سدرن کمپنی کے مطابق ایس ایس جی سی کو مختلف گیس فیلڈز سے موصول ہونے والی گیس کے مقدار میں اضافہ ہوا ہے اور گیس پریشر بہتر ہونے کے بعد تمام سی این جی سٹیشنز کو گیس کی فراہمی بحال کردی گئی ہے۔