• news

کلین چٹ نہیں ملی، اپوزیشن بچگانہ سیاست سے باہر آجائے: فرخ حبیب

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ اپوزیشن بچگانہ سیاست سے باہر آجائے۔ چچا بھتیجی میں مفاہمت تک ان کی دال نہیں گلنے والی، مولانا فضل الرحمن صرف حلوہ کھائیں اور انجوائے کریں۔ کسی کو کلین چٹ نہیں ملے گی۔ 33 ارب روپے آصف زرداری کیلئے اونٹ کے منہ میں زیرہ ہیں۔ لاہور پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ لوگ امریکہ کو کہتے تھے ہم زیادہ تابعدار ہیں۔ مولانا فضل الرحمن کا مسئلہ ایزی لوڈ ہے وہ ختم ہوگیا۔ سندس فائونڈیشن کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان دشمن بھارت کے ناپاک عزائم بے نقاب کرتے رہیں گے۔ پاکستان نے لاہور دھماکے کے شواہد دنیا کے سامنے رکھ دیئے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی کی باتوں پر کوئی یقین نہیں رکھتا۔ صحافیوں کے تحفظ کے لئے جرنلسٹس پروٹیکشن قانون لائے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ استحقاق قانون واپس ہورہا ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی سے بھی بات ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کی باتیں وہ کر رہے ہیں جن کی باتوں پر کوئی یقین نہیں کرتا۔ دریں اثناء وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے پی ٹی وی لاہور سنٹر کا دورہ کیا۔ فرخ حبیب نے پی ٹی وی لاہور میں مختلف شعبوں کے سربراہان سے ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ جنرل منیجر سیف الدین اور یونین کے نمائندگان نے وزیر مملکت کو پی ٹی وی لاہور کے جاری پروگرام اور نئے شروع کیے جانے والے پروگرام کے حوالے سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ جنرل منیجر اور یونین کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے مسائل دریافت کئے۔ انہوں نے پی ٹی وی لاہور سنٹر کے تمام مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ اس سلسلے میں ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن