جعلی اکاؤنٹس پر بریفنگ: چیئرمین نے 33 ارب کی برآمدگی کو سراہا
اسلام آباد (نامہ نگار) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید قابال کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ چیئرمین نیب نے جعلی اکائونٹ کیسز میں 33 ارب روپے کی برآمدگی کو سراہا۔ ڈی جی نیب عرفان نے چیئرمین نیب کو جعلی اکائونٹس پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا نوری آباد پاور کمپنی کرپشن کیس میں 2 ارب 13 کروڑ کی برآمدگی ہوئی۔ ہریش کمپنی کیس میں 2 کروڑ روپے پلی بارگین کے تحت برآمد کئے۔چیئرمین نیب نے نیب راولپنڈی کی شاندار کارکردگی کو سراہا ہے۔ چیئرمین نیب جاوید اقبال نے نیب ہیڈکوارٹر میں ایک اعلی سطح اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں نیب راولپنڈی کی کارکردگی بالخصوص جعلی بینک اکائونٹس سکینڈل کے مقدمات میں وصولی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی نے بتایا احتساب عدالت نے زرداری گروپ کی جانب سے جے وی اوپل 225 میں 1.22 ارب روپے کک بیکس کے مقدمہ میں ملزم مجاز ڈائریکٹر بحریہ ٹائون پرائیویٹ لمیٹڈ زین ملک کی 170 ملین روپے کی پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی۔ جعلی بینک اکائونٹ کیس میں حکومت سندھ اور پاکستان سٹیل ملز کی ملکیتی اراضی کی خورد برد میں ملوث منظور قادر کاکا اور دیگر کے خلاف مقدمہ میں ملزم امان اللہ میمن سے بالواسطہ طور پر 334.429 ملین روپے ریکوری کی گئی۔