• news

نیو یارک اپارٹمنٹ انکوائری، زرداری کی عبوری ضمانت کیلئے درخواست

اسلام آباد (وقائع نگار+نامہ نگار ) سابق صدر  زرداری نے نیب کی طرف سے نیویارک میں اپارٹمنٹ سے متعلق انکوائری میں ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔ فاروق ایچ نائیک ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر درخواست کے ساتھ ضیاء  الدین ہسپتال کی میڈیکل رپورٹ منسلک کی گئی اور نیب، ڈی جی نیب اور دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ نیب نے بلیئر، 524 ایسٹ، 72 گلی نمبر37 ایف مین ہٹن نیویارک سے متعلق انکوائری میں 15جون 2021 کو کال اپ نوٹس جاری کیا اور سوالنامہ بھی بھجوایا جس کا 24 جون تک تفصیلی جواب طلب کیا گیا، ماضی کی طرح نیب نے ایک اور کال اپ نوٹس جاری کردیا اور خدشہ ہے کہ گرفتار کر لیا جائے گا۔ استدعا ہے کہ نیب کا کال اپ نوٹس کالعدم قرار دیا جائے اور کیس کا حتمی فیصلہ ہونے تک ضمانت دی جائے۔اسلام آباد سے نا مہ نگار کے مطابق  زرداری کے خلاف نیب میں نیا کیس کھل گیا۔ قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کو نوٹس بھیجا ہے، جس میں ان سے نیویارک میں جائیداد کے حوالے سے جواب طلب کیا گیا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق نوٹس میں نیب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مین ہٹن نیو یارک میں آپ کا اپارٹمنٹ ہے جو پاکستان میں ظاہر نہیں کیا۔ بظاہر یہ اپارٹمنٹ خریدنے کیلئے پاکستان سے کوئی قانونی رقوم نہیں بھیجی گئیں۔ نیویارک میں جائیداد کیسے بنائی جواب دیا جائے۔ نیب نے 24جون 2021ء کو نیویارک کے مبینہ اپارٹمنٹ کی تفصیلات جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن