اقوام متحدہ اسلامو فوبیا پر قابو پانے کیلئے عملی اقدمات کرے :سیدہ زہرا نقوی
لاہور(لیڈی رپورٹر) تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا انسداد دہشت گردی کی نظرثانی شدہ عالمی حکمت عملی کی متفقہ منظوری دینا قابل تحسین اقدام ہے اقوام متحدہ اسلامو فوبیا پر قابو پانے کے لئے عملی اقدمات کرے اور عالمی برادری کو نفرت، نسل پرستی اور اسلام کے خلاف پروپیگنڈا کی بنیاد پر دہشت کے بڑھتے ہوئے خطرے سے نمٹنے کیلئے مناسب اقدامات کرنے پر زور دے ۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں ’’اسلامو فوبیا‘‘ کی لہر میں بڑی شدت آئی ہے۔ مہذب کہلانے والے اور اپنے ملک اور معاشروں میں تحمل و برداشت کو فروغ دینے کے دعویدار بھی اسلامو فوبیا میں کسی سے پیچھے نہیں رہے۔ مذہب کی بنیاد پر مسلمانوں کو نشانہ بنانے کے واقعات گزشتہ کئی ماہ سے پے درپے ہو رہے ہیں۔ اسلاموفوبیا کی بنا پر مساجد میں گھس کر نمازیوں کو شہید کیا گیا۔ شاپنگ مالز میں آنے والوں کو مذہبی منافرت اور تعصب کا نشانہ بنایا گیا۔ سڑک کنارے کھڑی فیملی کو ٹرک تلے روند دیا گیا۔ الغرض جہاں بھی موقع ملا، اسلام دشمنی کا مظاہرہ کیا گیا جس سے پورے عالم اسلام میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔ جس پر پاکستان نے دیگر اسلامی ملکوں سے مل کر او آئی سی کے پلیٹ فارم سے آواز اٹھائی اور اسلامو فوبیا کا معاملہ جنرل اسمبلی تک لے گئے جس پر پاکستان کی کوششوں کو کامیابی ملی ۔