چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی نے حلف اٹھا لیا
لاہور (نیوز رپورٹر+ اپنے نامہ نگار سے) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے لاہور ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس محمد امیر بھٹی سے حلف لے لیا۔ تقریب حلف برداری میں وزیر اعلیٰ پنجاب،کور کمانڈر لاہور، نیول سٹیشن کمانڈر، ڈپٹی سپیکر، صوبائی وزرائ، لاہور ہائیکورٹ کے ججز صاحبان اور وکلا تنظیموں کے نمائندوں سمیت وکلا نے بڑی تعداد میں شر کت کی۔گورنر پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت دیگر نے نئے چیف جسٹس محمد امیر بھٹی کو مبارکباد بھی دی۔ تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تحر ک انصاف کی حکومت عدلیہ سمیت تمام اداروں کی مضبوطی کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔ اور انصاف کی فراہمی میں آنے والی رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے بھی عدلیہ سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ حلف برادری کے بعد لاہور ہائیکورٹ پہنچنے پر چیف جسٹس محمد امیر بھٹو کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ چیف جسٹس محمد امیر بھٹی 8 مارچ 1962ء کو بورے والا میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم ملتان سے جبکہ پنجاب یونیورسٹی سے بی اے کیا۔ فاضل چیف جسٹس نے 1985ء میں بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد 1986ء میں وکالت شروع کی۔ اور 1988ء میں ہائیکورٹ بار کے ممبر بن گئے۔ ملتان ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے 1999ء سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے۔ 2001ء میں سپریم کورٹ کے وکیل بنے۔ انٹرنیشنل بار ایسوسی ایشن لندن اور امریکن بار کے ممبر بھی رہے۔ چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے 12 مئی 2011ء کو لاہور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل جج کے عہدے کا حلفہ لیا۔ فاضل چیف جسٹس جج بننے سے قبل مختلف محکموں میں لیگل ایڈوائزر رہے۔ انہیں سول، فوجداری، آئینی اور الیکشن قوانین پر عبور حاصل ہے۔ جسٹس محمد امیر بھٹی خانیوال، چکوال، سرگودھا، سیالکوٹ، ساہیوال، پنڈی اور فیصل آباد کے انسپکشن جج بھی رہے۔ چیف جسٹس محمد امیر بھٹی انتظامیہ کمیٹی نے انسداد دہشتگردی عدالتوں کے ممبر، ممبر امتحانات، ممبر آڈٹ کمیٹی، ممبر لائبریری، ممبربلڈنگ کمیٹی اور ممبر پرفارمنس اینڈ پروموشن کمیٹی برائے ڈسٹرکٹ جوڈشری، وکلا انرولمنٹ کمیٹی کے ممبر، لاہور ہائیکورٹ کی انتظامیہ کمیٹی کے ممبر، میوزیم کمیٹی کے ممبر، پنجاب یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ کمیٹی کے ممبر اور لیبر عدالتوں احتساب عدالتوں اور انسداد دہشتگردی عدالتوں کے ایڈمنسٹریٹو جج بھی رہے۔چیف جسٹس محمد امیر بھٹی 7 مارچ 2024ء تک فرائض سر انجام دیں گے۔ ریٹائرمنٹ کی مدت تک جسٹس محمد امیر بھٹی 3 سال 8 ماہ تک بطور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ فرائض سر انجام دیں گے۔