• news

کلبھوشن کے بعد سب سے بڑا بھارتی نیٹ ورک بے نقاب

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات فواد حسین چودھری نے کہا ہے کہ بھارت سے بے تعلق ناراض بلوچ رہنماؤں سے بات چیت پر کام شروع کردیا ہے۔ وفاقی کابینہ نے سرکاری اداروں میں بھرتی کیلئے شفاف اور قابل اعتماد ٹیسٹنگ سسٹم لانے کے لئے چار رکنی کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی ہے۔ لاہور دھماکے کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ڈوزیئر عالمی اداروں کو بھجوایا جائے گا۔ الیکشن میں دھاندلی کے الزامات کا خاتمہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے ہی ممکن ہے۔ کشمیر الیکشن سے قبل دھاندلی کے الزامات کا واویلا وہ پارٹی کر رہی ہے جس کے صرف آٹھ حلقوں میں امیدوار کھڑے ہیں۔ جب تک سیاسی جماعتوں کی قیادت ذاتی مفادات کی بجائے نظریات کو ترجیح نہیں دیتی، الیکٹ ایبلز کی سیاست جاری رہے گی۔ گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان جلد ہی امن کا گہوارہ بنے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کے بعد بلوچستان میں بھارت کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا ہے۔ لاہور دھماکے میں ملوث افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ جوہر ٹائون دھماکے کے ملزموں کی گرفتاری پر اداروں کو سراہا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر بریفنگ ہوئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پندرہ جولائی تک الیکٹرانک ووٹنگ کا نظام تیار کر لیا جائے گا۔ مشیر پارلیمانی امور نے الیکٹرانگ ووٹنگ اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا اختیار دینے کے حوالے سے پیشرفت سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے ہوابازی ڈویژن کو ہدایت کی کہ گلگت اور سکردو ائرپورٹ کو جدید ترین تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے جبکہ خصوصی افراد کے حوالے سے بھی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ وفاقی کابینہ نے مختلف تقرریوں اور کابینہ کمیٹی برائے توانائی اور کابینہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے مختلف اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے بتایا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت ملکی معاشی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ قبائلی اضلاع کو تھری اور فور جی انٹرنیٹ کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ وزیر اطلاعات و نشریات نے بتایا کہ اکانو مسٹ نے پاکستان کو کرونا کے حوالے سے بہترین اقدامات کرنے والے تین ملکوں میں شامل کیا ہے۔ وفاقی کابینہ نے اکانومسٹ کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔انھوں نے بتایا کہ سکردو میں انٹرنیشنل ایئرپوٹ بنارہے ہیں، گلگت سمیت دیگر ایئر پورٹس کو آل ویدر ایئر پورٹس بنایا جائے گا۔ معذور افراد کو جہازوں میں چڑھانے اتارنے سے متعلق وزیراعظم نے تلقین کی کہ اس پر کام کریں۔انھوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں کئی سو کنال زمین گرین ایریاز میں منسوخ کی ہیں، اسلام آباد میں گرین ایریا پر سینکڑوں ایکڑ اراضی پر تعمیرات کو ختم کیا ہے۔فواد چوہدری نے بتایا کہ سول ایوی ایشن کو ریگولیٹری باڈی بنادیا گیا ہے۔کابینہ نے بلوچستان پیمرا کونسل آف کمپلینٹ کے ممبران کی منظوری بھی دی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے چیئرمین ای او بی آئی کی تقرری کا معاملہ مؤخر کردیا ہے۔ وزیراطلاعات نے بتایا کہ گزشتہ دس سالوں میں پہلی بار کرنٹ اکائونٹ خسارہ ختم ہو گیا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق فواد چودھری نے کہا کہ کلبھوش کے بعد دہشتگردی کا سب سے بڑا بھارتی نیٹ ورک بے نقاب ہوا ہے۔ فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ مل کر پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ناراض بلوچوں سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔ جس  بھارتی نیٹ ورک کو پکڑا اس کی تفصیل اگلے چند ہفتوں میں سامنے لے کر آئیں گے۔ ان لوگوں کے نام اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات منظر عام پر لائیں گے جو اس نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔  لاہور دھماکہ  کے لئے دہلی کے جن بنکوں سے رقوم منتل ہوئیں ثبوت موجود ہیں وہ بھی پیش کریں گے۔ یہ کلبھوشن کے بعد بھارت کا دہشت گردی کا دوسرا سب سے بڑا نیٹ ورک تھا جو پاکستان میں بے نقاب ہوا ہے۔ وزیراعظم نے اعلان  کیا ہے کہ بلوچستان کے وہ ناراض قوم پرست جن کا بھارت سے تعلق نہیں تھا اور جو سیاسی مسائل کی وجہ سے ناراض تھے ان کے ساتھ مذاکرات کے لیے باضابطہ طور پر کام شروع کردیا گیا ہے۔ البتہ جو ناراض بلوچ بھارت کے ساتھ مل کر دہشت گردی کی کارروائیاں کرتے تھے، ان کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔ علاوہ ازیں ٹویٹ میں فواد چودھری نے کہا ہے کہ بلوچستان وزیراعظم عمران خان کے دل کے قریب ہے۔ ٹوئٹر پر بیان  میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بھارت کا دہشتگردی کا نیٹ ورک کافی حد تک توڑ دیا ہے۔ اب قوم پرستوں کے ساتھ بات چیت کا ایجنڈا طے کیا جائیگا۔  بلوچستان میں وفاقی حکومت 731  ارب کے 131  منصوبے مکمل کرکے گی۔ بلوچستان حکومت  کا ترقیاتی  پروگرام صرف اس سال 100  ارب کا ہے۔ دریں اثناء وزیر اطلاعات نے ممتاز ادیب، افسانہ نگار اور کالم نگار مسعود اشعر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ مرحوم علم و عمل کا حسین امتزاج تھے۔ ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلاء کبھی پر نہیں ہو سکے گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن