غیر ضروری پروٹو کول غتم کرنے کا فیصلہ: نجی تقریبات میں بغیر سکیورٹی جائو نگا: وزیراعظم
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی کابینہ کے اجلاس میں غیر ضروری پروٹوکول کے خاتمہ کا فیصلہ کیا گیا۔ اس حوالے سے وزیر اطلاعات فواد حسین چودھری نے بتایا کہ کابینہ نے میرٹ کی بالادستی اور پروٹوکول کے خاتمے کیلئے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ صرف وفاقی وزراء گاڑی پر قومی پرچم لگا سکیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے نجی تقاریب میں پروٹوکول اور سکیورٹی کے بغیر شرکت کرنے کا اعلان کر دیا۔ اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گورنرز اور وزرائے اعلیٰ کے پروٹوکول اور سکیورٹی کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ جائزہ لے رہے ہیں کہ اخراجات کو کم سے کم اور عوامی تکلیف کو کس طرح ختم کر سکتے ہیں۔ عمران خان نے مزید کہا کہ آئندہ ہفتے کابینہ ایک جامع پالیسی پر فیصلہ کرے گی۔ دریں اثناء وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عام آدمی کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ گزشتہ روز چیئرمین نادرا طارق ملک اور اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ رواں سال 14اگست تک نادرا تحصیل سطح پر 46 نئے سینٹرز کھولے گی جو عام آدمی کی نادرا تک رسائی یقینی بنائیں گے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ نادرا ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کے تحت سٹارٹ اپس کی معاونت کیلئے انو ویٹیو اپلیکیشنز متعارف کرائے گا اور ایف بی آر کا ٹیکس بیس بڑھانے میں بھی معاونت کرے گا۔ وزیراعظم عمران خان سے وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور اور آزادکشمیرکے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں اہم ملاقات کی ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان آزادکشمیر میں پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر کے امیدواروں کی انتخابی مہم کے سلسلے میں آزاد کشمیر کے مختلف ڈویژنز میں جلسوں سے خطاب کریں گے۔ پروگرام کے مطابق وزیر اعظم عمران خان پیر 12جولائی شام پانچ بجے میرپور میں انتخابی جلسے سے خطاب کریں گے، جب کہ 18 جولائی کو باغ میں اور 23 جولائی کو مظفرآباد میں انتخابی مہم کے آخری جلسے سے خطاب کریں گے۔ دونوں رہنماؤں نے وزیراعظم عمران خان کو یقین دلایا کہ پی ٹی آئی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔