کینیڈا: مکان میں آتشزدگی سے جاں بحق7پاکستانیوں کی نماز جنازہ ادا
اسلام آباد (اے پی پی)کینیڈا کے علاقے کیلگری میں آتشزدگی کے سانحہ میں جاں بحق ہونے والے سات پاکستانیوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ کینیڈا کے صوبے البرٹا کے شہر چیسٹر میئر میں گھر میں آگ لگ جانے سے جان بحق ہونے والے سات پاکستانیوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔نماز جنازہ کا انتظام کیلگری شہر کی جامع مسجد میں کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں مقامی مسلمان اور پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔ پاکستانی ہائی کمیشن کینیڈا سے موصول پریس ریلیز کے مطابق کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ کی ہدایت پر قونصل جنرل آف پاکستان وینکوور جانباز خان نے نماز جنازہ میں شرکت کی اور وزیراعظم عمران خان،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے سوگوار خاندان کے سربراہ امجد کمال اور دیگر کے ساتھ تعزیت کی اور انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے ہر ممکن امداد کا یقین دلایا۔ واضح رہے کہ آگ لگنے کا واقعہ گذشتہ جمہ کی شب چیسٹر شیئر شہر میں ایک پاکستانی امجد کمال کے گھر پیش آیا جہاں امجد کمال اپنی بیگم اور پانچ بچوں کے ساتھ رہائش پذیر تھے۔ گذشتہ جمعرات کے دن کینیڈا ڈے کی تقریبات میں شرکت کے لیے امجد کمال کے بھائی اسد کمال جو ٹورنٹو میں رہتے ہیں، بھی اپنے تین بچوں کے ساتھ امجد کمال کے پاس آئے۔ دونوں خاندانوں نے رات کو بار بی کیو کیا اور سو گئے۔ گھر میں آگ لگنے کا واقعہ جمعہ کی صبح دو بج کر تیس منٹ کے آس پاس پیش آیا۔امجد کمال نے اپنے دو بچوں اور اپنے بھائی کی دو بیٹیوں کو آگ سے بچا لیا تاہم امجد کمال کی اپنی بیوی، ان کے بھائی اسد کمال، اسد کمال کی بیوی اور دونوں خاندانوں کے چار بچے اس المناک حادثہ میں جاں بحق ہو گئے۔ابھی تک آگ لگنے کی وجہ کا پتہ نہیں چل سکا، اس حوالے سے تفتیش ہو رہی ہے۔ اس المناک حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پاکستان قونصل جنرل جانباز خان نے متاثرہ خاندان سے رابطہ کیا اور انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے تمام ممکنہ امداد کی یقین دہانی کرائی۔اس کے علاوہ پاکستان ہائی کمیشن کی درخواست پر پاکستان کینیڈا ایسوسی ایشن کیلگری کے عہدہداروں نے بھی متاثرہ خاندان سے مسلسل رابطہ رکھا اور انہیں ہر قسم کی امداد فراہم کی۔