• news

کرونا: 25اموات، طور خم سرحد بند،3برطانوی کر کڑز،4اہلکاروں کا ٹیسٹ مثبت

لاہور/ اسلام آباد/ لندن (سپورٹس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ)  پاکستان نے کرونا کی نئی اقسام ڈیلٹا (بھارتی) بیٹا (جنوبی افریقہ) اور ایلفا (برطانوی) کی مانیٹرنگ سخت کر دی ہے اور اس وباء کیلئے حفاظتی اقدامات کے تحت پاکستان اور افغانستان کی طورخم سرحد تا حکم ثانی بند کر دی گئی ہے۔ عالمی سطح پر کرونا کے اثرات جاری ہیں اور برطانیہ کی کرکٹ ٹیم کے 3   کھلاڑی اور انتظامی ٹیم کے 4 ارکان (7) کھلاڑی کرونا میں مبتلا ہونے پر انہیں آئسولیشن میں بھیج دیا گیا اور ٹیم میں 9 نئے ارکان شامل کر لئے گئے ہیں۔ پاکستان میں 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 25 افراد جاں بحق ہو ئے ہیں اور 830 افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جبکہ اب تک مجموعی طور پر 9 لاکھ 8 ہزار 488 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ٹویٹ میں بتایا ہے کہ این سی او سی کی ہدایت پر طورخم بارڈر پر ہر قسم کی آمدورفت تا حکم ثانی بند کر دی گئی ہے۔  نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے  اعدادوشمار کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 830 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 47 ہزار 14، سندھ میں 3 لاکھ 41 ہزار 275، خیبر پی کے میں ایک لاکھ 38 ہزار 616، بلوچستان میں 27 ہزار 445، گلگت بلتستان میں 6 ہزار 504، اسلام آباد میں 83 ہزار 48 جبکہ آزاد کشمیر میں 20 ہزار 588 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 48 لاکھ 15 ہزار 639 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 37 ہزار 364 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 9 لاکھ 8 ہزار 648 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 968 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پاکستان میں کرونا سے ایک دن میں 25 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 22 ہزار 452 ہوگئی۔ پنجاب میں 10 ہزار 786، سندھ میں 5 ہزار 528، خیبر پی کے میں 4 ہزار 343، اسلام آباد میں 780، بلوچستان میں 315، گلگت بلتستان میں 111 اور آزاد کشمیر میں 589 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ترجمان وزارت صحت  نے کہا ہے کہ ہم مانیٹر کر رہے ہیں، کرونا وائرس کی بھارت، برطانیہ اور جنوبی افریقہ میں دریافت ہونے والی اقسام پاکستان پہنچ چکی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق  ادارہ این آئی ایچ کرونا وائرس کی مختلف اقسام مانیٹر کر رہا ہے۔  مانیٹرنگ ٹیسٹ سیمپلز کی ہول جینوم سیکونسنگ سے کی جارہی ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کرونا وائرس کی عالمگیر وباء کے تناظر میں حفاظتی اقدامات کو کسی بھی صورت میں نظر انداز نہ کریں۔ ملک میں کرونا کے مثبت کیسوں میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔  ترجمان کے مطابق ویکسین کی اہل آبادی کو ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے۔ 17.8 فیصد آبادی کی جزوی یا مکمل ویکسی نیشن ہو چکی صرف 3.5فیصد کی ویکسی نیشن مکمل 14 فیصد سے زائد اہل آبادی کی جزوی جبکہ اب تک ایک کروڑ 78 لاکھ 15 ہزار سے زائد ویکسین کی خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔ پاکستان میں ویکسین کی اہل آبادی کی تعداد دس کروڑ تک ہے۔وزارت صحت کے مطابق چین سے سائنو ویک ویکسین کی  مزید 20 لاکھ خوراک پہنچ گئی  ہیں اس طرح چار  روز میں مجموعی طور پر 40 لاکھ خوراک سائنو ویک ویکسین پاکستان پہنچی ہے جو ضرورت کے مطابق صوبوں کو بھیج دی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن