نیو یارک فلیٹ: زرداری کی غیر مو جودگی میں ضمانت دی تو مثال نہ بن جائے: جسٹس اطہر
اسلام آباد (وقائع نگار + این این آئی) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بنچ نے نیویارک فلیٹ کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سابق صدر کو پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت آج تک کیلئے ملتوی کر دی۔ زرداری کی طرف سے فاروق ایچ نائیک پیش ہوئے۔ عدالت نے استفسار کیاکہ کیا آپ ضمانت قبل از گرفتاری مانگ رہے ہیں؟۔ جس پر فاروق ایچ نائیک نے زرداری کی عدم موجودگی میں ضمانت قبل از گرفتاری دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہاکہ زرداری ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ حاضری سے استثی کی درخواست بھی دی ہے۔ اگر عدالت طلب کرے گی تو پیش ہو جائیں گے۔ جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ یہ طے شدہ ہے کہ ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے درخواست گزار کو پیش ہونا ہوتا ہے۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہاکہ اگر عدالت آصف زرداری کو غیر موجودگی میں ضمانت دے دے تویہ کیس باقیوں کیلئے بھی مثال نہ بن جائے۔ فاروق ایچ نائیک ایڈووکیٹ نے کہاکہ زرداری کو حفاظتی ضمانت دے دیں تاکہ وہ یہاں پیش ہوجائیں۔ چیف جسٹس نے کہاکہ وہ سندھ ہائیکورٹ سے ضمانت لے سکتے ہیں۔ زرداری پیش ہوں ضمانت پر سماعت ہوگی۔ این این آئی کے مطابق زرداری کراچی سے اسلام آباد پہنچ گئے۔ (آج) بدھ کو ہائی کورٹ میں پیش ہونگے۔ زرداری کو ویل چیئر کی مدد سے گاڑی میں بٹھا کر زرداری ہاؤس پہنچایا گیا۔