• news

خطرات کا قومی سطح پر جواب وقت کی ضرورت، فورسز دشمنوں کو شکست دنیے کیلئے پر عزم: آرمی چیف

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کا امن پاکستان میں ترقی کی ٹھوس بنیاد ہے۔ سکیورٹی فورسز بلوچستان اور پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کے دشمنوں کو شکست دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ وقت آگیا ہے کہ قربانیوں اور مشکلات سے حاصل امن کے ثمرات سمیٹے جائیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بات بلوچستان کی ساتویں قومی ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ورکشاپ میں ارکان پارلیمان، بیوروکریٹس، سول سوسائٹی، شعبہ تعلیم اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ورکشاپ کا مقصد بلوچستان کی مستقبل کی قیادت کو اہم قومی اور صوبائی امور پر آگاہی دینا تھا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ خطرات کا قومی سطح پر جواب دینا وقت کی ضرورت ہے۔ قومی قیادت بلوچستان کو اہمیت دے رہی ہے جبکہ فوج ملک کے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ ہم ایک پرعزم قوم ہیں جو ہر مشکل گھڑی میں ترقی اور استحکام کے لیے ثابت قدم رہی۔ آرمی چیف نے اپنے خطاب میں ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی چیلنجز پر بھی بات کی۔ علاوہ ازیں  جنرل قمر جاوید باجوہ سے آذربائیجان کے سفیر نے ملاقات کی۔ جس میں خطے کی سکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے آذربائیجان کے سفیر کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ افغان امن عمل اور دوطرفہ دفاعی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان میں خدمات پر آذربائیجان کے سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ آرمی چیف نے دونوں ملکوں کے تعلقات میں فروغ کے لیے آذربائیجان کے سفیر کے کردار کو سراہا۔ آذربائیجان کے سفیر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔

ای پیپر-دی نیشن