قومی نمبر ون بیڈمنٹن پلیئر مراد علی پر پابندی، پلوشہ کا کیس کمیٹی کے سپرد
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان بیڈ منٹن فیڈریشن نے پاکستان کے نمبر ون بیڈمنٹن پلیئر مراد علی پر دو سال کی پابندی لگا دی جبکہ سابق نیشنل چیمپئن پلوشہ بشیر کا کیس ڈسپلنری کمیٹی کے سپرد کر دیا ہے۔پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں پلوشہ بشیر اور مراد علی کے بیانا ت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جو انہوں نے پانچ مرتبہ کی نیشنل چیمپئن ماحور شہزاد کے اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے سے متعلق دیئے۔اجلاس میں کھلاڑیوں کی رینکنگ کا جائزہ لیا گیا جس کے بعد کمیٹی نے مراد علی اور پلوشہ بشیر کے بیانات کو بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے اپنی رینکنگز اور ٹائٹل کے بارے میں غلط بیانی سے کام لیا ہے اور سوشل میڈیا کے ذریعے فیڈریشن اور اتھلیٹس کو نیچا دکھانے کی کوشش کی۔مراد علی کے ماضی کے واقعات کو مدنظر رکھتے ہو ئے دو سال کی پابندی لگائی گئی جبکہ پلوشہ بشیر کا کیس ڈسپلنری کمیٹی کو بھیج دیا گیا ، کمیٹی انکوائری کر کے رپورٹ ایک ماہ کے اندر پیش کریگی۔