• news

نیو یارک فلیٹ، عبوری ضمانت منظور، میاں صاحب کا ڈومیسائل مجھ سے بہتر: زرداری

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بنچ نے نیویارک فلیٹ کیس میں سابق صدر زرداری کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو جواب کیلئے نوٹس جاری کردیا۔ آصف زرداری عدالت پیش ہوگئے۔ سماعت سے قبل آصف زرداری کے وکیل کی طرف سے رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کو درخواست دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سابق صدر بیمار ہیں ان کی گاڑی کو کمرہ عدالت کے باہر تک آنے کی اجازت دی جائے جہاں سے وہ وہیل چیئر پر عدالت پیش ہوجائیں گے۔ جبکہ بعدازاں آصف زرداری باہر ہی گاڑی سے اترے اور داخلی دروازے سے پیدل کمرہ عدالت تک پہنچے۔ زرداری کرسی سے اٹھ کر روسٹرم پر آنے لگے تو عدالت نے انہیں بیٹھے رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے 5 لاکھ روپے مالیت کے مچلکوں پر ضمانت منظور کرتے ہوئے سماعت 28 جولائی تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔ میڈیا سے گفتگو میں سابق صدر نے  مزاحمت یا مفاہمت کی طرف جانے سے متعلق سوال کے جواب میں کہاکہ بلاول سے پوچھیں۔ میاں صاحب کو وطن واپسی کا مشورہ دینے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم میاں صاحب کو کوئی مشورہ نہیں دیں گے۔ آنا چاہیں تو بسم اللہ نہ آنا چاہیں تو انکی مرضی۔ میاں صاحب کا ڈومیسائل مجھ سے بہتر ہے۔ بلاول امریکہ دورے پر نہیں بلکہ کانفرنس میں جا رہے ہیں۔ کشمیر سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ آپ کو معلوم ہے کہ کیا ہوتا آیا ہے۔ ہماری پارٹی ہے، کشمیر انتخابات میں وہی ہوگا جو ہوتا آیا ہے۔ پی ٹی آئی حکومت کی مدت سے متعلق سوال پر زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ہی کب ہے۔ پیپلزپارٹی ایک جماعت ہے اور ہم پچاس ساٹھ سال سے کشمیر کیلئے لڑ رہے ہیں۔ سلیکٹرز سے متعلق پیغام سے متعلق سوال پر آصف زرداری نے صحافی سے کہا کہ میں تمہارے ذریعے تھوڑی پیغام دوں گا جبکہ سلیکٹرز سے براہ راست رابطہ سے متعلق سوال پر انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ کیوں میں اس ملک میں نہیں رہتا کیا۔

ای پیپر-دی نیشن