• news

نام دلیپ کمار رکھنے کی وجہ تھی کہ والد کو انکے حقیقی پیشے کا معلوم نہ ہو

پشاور (بیورو رپورٹ) اپنے زمانے کی معروف اداکارہ اور فلمساز دیویکا رانی کے ساتھ ایک غیر متوقع ملاقات نے دلیپ کمار کی زندگی کو بدل کر رکھ دیا۔ چالیس کی دہائی میں اگرچہ دیویکا رانی ہندوستانی فلمی صنعت کا ایک بڑا نام تھی لیکن ان کا سب سے بڑا کارنامہ پشاور کے پھلوں کے تاجر کے بیٹے یوسف خان کو دلیپ کمار بنانا تھا۔ کسی فلم کی شوٹنگ دیکھنے جانے والے خوبصورت نوجوان یوسف خان سے دیویکا رانی نے پوچھا کہ کیا آپ اردو جانتے ہیں؟۔ جیسے ہی یوسف نے ہاں میں سر ہلایا انہوں نے دوسرا سوال کیا، کیا آپ اداکار بننا پسند کریں گے؟ اور پھر آگے کی کہانی ایک تاریخ ہے۔ دیویکا رانی کا خیال تھا کہ رومانٹک ہیرو پر یوسف خان کا نام زیادہ نہیں جچے گا۔ اس وقت نریندر شرما جو بعد میں ہندی کے ایک بڑے شاعر بنے نے تین نام تجویز کیے۔ جہانگیر، واسودیو اور دلیپ کمار۔ یوسف خان نے اپنا نیا نام دلیپ کمار کے طور پر منتخب کیا۔ اس کے پس پشت ایک وجہ یہ بھی تھی کہ اس نام کی وجہ سے ان کے پرانے خیالات کے حامل والد کو ان کے حقیقی پیشے کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکتا تھا۔ فلم اور اس سے منسلک لوگوں کے بارے میں ان کے والد کی رائے اچھی نہیں تھی اور وہ انہیں نوٹنکی والا کہہ کر مذاق اڑاتے تھے۔ 

ای پیپر-دی نیشن