د لیپ کمار اور سائرہ بانوں کا ساتھ 55سال تک رہا ‘بد قسمتی سے اولاد نہیں ہوئی جس کا دونوں کو افسوس رہا
ممبئی (این این آئی) لاکھوں دلوں پر راج کرنے والے دلیپ کمار 7 جولائی 2021ء کو نہ صرف مداحوں سے بچھڑے بلکہ وہ 57 سال تک ساتھ نبھانے والی اہلیہ سائرہ بانو کو بھی اکیلا کر گئے۔ دلیپ کمار اور سائرہ بانو کا ساتھ تقریبا 55 سال تک رہا مگر موت نے دلیپ کمار کو اپنی اہلیہ سے الگ کر دیا۔ ان دونوں کو زندگی کی مشکلات اور زمانے کی تلخیاں کبھی الگ نہ کر پائیں بلکہ ان کی محبت نے بڑے بڑے تجزیہ نگاروں کے تجزیے بھی غلط ثابت کیے۔ دونوں کی محبت کی کہانی اس وقت شروع ہوئی تھی، سائرہ بانو ابھی زندگی کے دائو پیچ کو درست انداز میں سمجھنے کے قابل بھی نہ تھیں اور دلیپ کمار کیریئر کے عروج پر تھے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں کی شادی سے قبل ان کے درمیان محبت کا آغاز ہوا تھا مگر چند ہی سال میں دونوں رشتہ ازداج سے منسلک ہوگئے۔ دلیپ کمار 1960ء میں اس وقت سائرہ بانو کی ذلفوں کے اسیر ہوئے جب وہ محض 17 برس کی بالی عمر میں تھیں۔ سائرہ بانو اس دور کی مقبول اداکارہ نسیم بانو کی بیٹی تھیں اور اسی وجہ سے ہی انہیں فلمی دنیا میں انٹری دینے میں آسانی ہوئی۔ تاہم ایک سال بعد سائرہ نے جب فلم ’جنگلی‘ کے ساتھ بولی ووڈ میں ڈیبیو کیا تو انڈسٹری میں ان کا نام بھی ہونے لگا۔ کیریئر کی بلندیوں کو چھونے والے دلیپ کمار کی بھی ذاتی زندگی کافی مشکلات کا شکار تھی کیوں کہ مغل اعظم کی ریلیز کے وقت ان کا اداکارہ مدھو بالا کے ساتھ رشتہ ختم ہوا تھا۔ شہنشاہ جذبات کے مرتے دم تک دونوں ایک ہی رہے۔ 11 اکتوبر 1966ء کو شادی کی۔ اس وقت دلیپ کمار 44 سال جب کہ سائرہ بانو صرف 22 سال کی تھیں۔ اگرچہ سائرہ بانو اور دلیپ کمار کی شادی کو مثالی شادی قرار دیا جاتا ہے۔ تاہم بد قسمتی سے ان کے ہاں اولاد نہیں ہوئی، جس کا دونوں کو افسوس بھی رہا۔