• news

ڈی جی خان میں اربوں کے منصوبوں کا افتتاح ، جنوبی پنجاب کیلئے ملازمتوں کا کو ٹہ32فیصد: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب کے لئے صوبائی ملازمتوں میں 32فیصد کوٹہ مختص کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ بھکر اور میانوالی کو شامل کرنے کی زیر غور تجویز کی منظوری پر جنوبی پنجاب کیلئے ملازمتوں کا کوٹہ 35فیصد ہوجائے گا۔ عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان میں میڈیا سے گفتگو میں بتایا ہے کہ سابق حکمرانوں نے پسماندہ علاقوں کیلئے کچھ نہیں کیا۔ ترقی کے پہیے کا رخ پسماندہ علاقوں کی طرف موڑ دیا ہے۔ پنجاب کے پسماندہ علاقوںکے لوگوں کی قسمت بدل دوں گا۔ لاہور میں پسماندہ علاقوں کی نمائندگی کرتا ہوں۔ عمران جلد بہاولپور میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا افتتاح کریں گے۔ پہلی مرتبہ ڈویلپمنٹ بجٹ میں 66فیصد تاریخی اضافہ کیا گیا۔ پنجاب کے بجٹ کی شفافیت پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ پنجاب کو بلوچستان سے ملانے کیلئے  122کلو میٹر طویل نئی سڑک بنا رہے ہیں ۔10ارب روپے سے بننے والی چوکی والا تا موسی خیل سڑک سے 100کلو میٹر فاصلہ کم ہوجائے گا۔ کوہ سلیمان میں سٹیٹ آف دی آرٹ سکول بنایا جائے گا۔ سوڑا ڈیم اسی سال شروع ہوگا۔ 4مزید ڈیم کی فزیبلٹی تیار ہوچکی ہے۔ وزیراعلیٰ نے چوکی والا پہنچے اور چوکی والا براستہ اٹامک انرجی سینٹر سڑک کی تعمیر کے منصوبے کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں بیٹھ کر فیصلے کرنے والے دور دراز علاقوں کے مسائل سے یکسر عاری تھے۔ عثمان بزدار نے شادن لنڈ میں چیف آف لنڈ سردار شہر یار خان مرحوم کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ وزیراعلیٰ دورے کے آخری مرحلے میں ڈیرہ غازی خان سپورٹس کمپلیکس پہنچے اور 2 ارب90 کروڑ روپے کے پراجیکٹس کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ عثمان بزدار نے بارڈر ملٹری پولیس سرائے کی تعمیر نوکے منصوبے کا بھی افتتاح کیا۔ ٹیچنگ ہسپتال میں مدر اینڈ چائلڈ بلاک کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ عثمان بزدارنے سپورٹس سٹیڈیم میں خواجہ فریدالدین مسعود گنج شکر ریسرچ لائبریری میں غازی یونیورسٹی ،غازی کالج اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے درمیان ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب میںشرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ای ریسرچ لائبریری کا دائرہ کار پورے پنجاب تک وسیع کریںگے۔ عثمان بزدار اچانک سینٹرل جیل ڈیرہ غازی خان پہنچ گئے اور مختلف بیرکوں کا دورہ کیا۔ خواتین اور جیونائل قیدیوں سے صورتحال دریافت کی۔ خراب پنکھوں کی فوری مرمت کا حکم دیا اور ہر بیرک میں ٹی وی لگانے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کھل کر بتائیں، آپ ہی کے مسائل حل کرنے کیلئے آیا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قیدیوں کو بنیادی حقوق دینا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ عثمان بزدار کو پولیس لائنز ڈیرہ غازی خان  میں چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ وزیراعلیٰ نے پولیس شہداء یادگار پر حاضری دی اورپھولوں کی چادر چڑھائی۔ ڈیرہ غازی خان سمارٹ سٹی پراجیکٹ کا افتتاح بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ سمارٹ سٹی پراجیکٹ کا دائرہ کار تونسہ سمیت پنجاب کے دوسرے شہروں تک بڑھائیںگے۔سمارٹ سٹی پراجیکٹ کیلئے وسائل بھی فراہم کریںگے۔ وزیراعلیٰ نے سخت گرمی اورحبس میں ڈیرہ غازی خان کے مختلف علاقوں کا 8گھنٹے تک مسلسل دورہ کیا۔ سردار عثمان بزدارنے شہرہ آفاق دلیپ کمار کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔عثمان بزدار نے حوالدار لالک جان شہید کے یوم شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حوالدار لالک جان شہید نے ملک و قوم کے دفاع کی خاطر جام شہادت نوش کیا۔ حوالدار لالک جان شہید نے معرکہ کارگل میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا مگر ملک پر کوئی آنچ نہیں آنے دی۔ 

ای پیپر-دی نیشن