لوڈ شیڈنگ پھر بے قابو، نارنگ منڈی میں گرمی سے 2افراد جاں بحق
لاہور، اسلام آباد، نارنگ منڈی (نوائے وقت رپورٹ+ نیٹ نیوز+ نامہ نگار) لاہور سمیت مختلف شہروں دیہات میں ایک بار پھر لوڈ شیڈنگ کا جن قابو سے باہر ہو گیا۔ شدید گرمی کے باعث نارنگ منڈی میں خاتون سمیت 2 افراد دم توڑ گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق لاہور سمیت مختلف شہروں میں بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری ہے۔ بجلی کی آنکھ مچولی سے شہری شدید پریشان ہیں۔ شدید گرمی میں سسٹم اوورلوڈ ہونے سے گھنٹوں بجلی بند رہنے لگی ہے۔ شیخوپورہ، قصور، ننکانہ صاحب، پتوکی، اوکاڑہ اور رائیونڈ سمیت مختلف شہروں میں بدترین لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں تکنیکی خرابیوں، ٹرانسفارمر اور تاریں جلنے کے باعث بھی بجلی بند رہنا معمول بن چکا ہے۔ مختلف علاقوں میں ٹرپنگ اور لو وولٹیج نے بھی شہریوں کو پریشان کر دیا ہے۔ سسٹم اوورلوڈنگ کی وجہ سے شمالی لاہور اور اندرون لاہور میں بدترین لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ لیسکو کے متعدد گرڈ سٹیشنز پر ٹرپنگ ہونے لگی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ این ٹی ڈی سی کے شیخوپورہ اور راوی گرڈ سٹیشن اوورلوڈ ہو چکے ہیں۔ لیسکو کی ڈیمانڈ 4600 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی لیکن اسے صرف 4500 میگاواٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ لیسکو کو 100 میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا ہے۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق قیامت خیز گرمی کی تاب نہ لاتے ہوئے خاتون فضیلت بی بی اور اللہ رحم جاں بحق ہو گئے۔ نارنگ منڈی و گردونواخ میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے بدترین صورتحال پیدا کر دی۔ گرمی سے ستائے عوام نے چودھری اعظم علی باجوہ کی قیادت میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے ملک میں بجلی کی فراہمی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ حماد اظہر نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ بجلی کی طلب اور فراہمی 24 ہزار 284 میگا واٹ رہی۔ بجلی کی ترسیل اور صلاحیت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ تربیلا ڈیم سے سستی بجلی کی پیداوار صرف 25 فیصد ہے۔ تربیلا ڈیم سے بجلی کی پیداوار کے باوجود ریکارڈ قائم کیا گیا۔ اسلام آباد سے این این آئی کے مطابق ترجمان وزارت توانائی نے وضاحت کی ہے کہ موسم گرما میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لئے گیس کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ گیس فراہمی 685 سے بڑھا کر 750 ایم ایم سی ایف ڈی کر دی گئی ہے۔