• news

اداکاروں کے شہنشاہ دلیپ کمار دنیا چھوڑگئے، کروڑوں مداح سو گوار

 ممبئی، اسلام آباد ، لاہور +پشاور (نوائے وقت رپورٹ+خصوصی رپورٹر+خصوصی نامہ نگار+بیورو رپورٹ)  شہنشاہ جذبات‘ کہلائے جانے والے لیجنڈری بولی وڈ اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار طویل علالت کے بعد 98 برس سے زائد عمر میں 7 جولائی کی صبح کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ سانس میں مشکلات، پھیپھڑوں اور گردوں کی بیماری کی وجہ سے چند سالوں میں متعدد مرتبہ ہسپتال داخل کرایا گیا، دلیپ کمار کا ممبئی کے ہندوجا ہسپتال میں انتقال ہوا۔ ریاستی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ لیجنڈری اداکار کے انتقال پر  لاکھوں مداحوں  کیساتھ ساتھ  بھارتی اور پاکستانی سیاست دانوں، شوبز و سماجی شخصیات نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ ہندوستان کے بٹوارے سے قبل پشاور میں پھل بیچنے والے غلام سرور کے گھر11دسمبر 1922 کو پیداء ہوئے، نام یوسف خان رکھا گیا۔ یوسف خان دلیپ کمار کے 11 بہن بھائی تھے، انکا نمبر چوتھا تھا، تقسیم ہند سے قبل جب یوسف خان  6 سال کے ہوئے تو انکے والد اہلِ خانہ سمیت ممبئی آگئے، جہاں یوسف خان نے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ مختلف نوکریوں کی تلاش کے دوران کسی استاد کے توسط سے ایک دن ان کی ملاقات اس دور کے معروف فلم اسٹوڈیو کی مالکن و اداکارہ 'دیویکا رانی' سے ہوئی، جنہوں نے ان کو اداکاری کرنے کا مشورہ دیا ، 500 روپے کی تنخواہ کی یقین دہانی بھی کروائی۔ پیسوں کی ضرورت ہونے کی وجہ سے انہوں نے پیشکش قبول کرلی، یوں بھارتی فلم نگری میں شمولیت نے یوسف خان کو دلیپ کمار بنادیا۔  1944 میں فلم 'جوار بھاٹا' سے فلمی کیرئیر کا آغاز کرنے والے دلیپ کمار نے 1960 میں یادگار فلم مغلِ اعظم سے پہچان بنائی۔ 50  سال سے زائد عرصے کے کیریئر میں 65  سے زائد فلموں میں کام کیا۔ مشہور فلموں میں دیوداس، سنگ دل، امر، آن، انداز، نیا دور، کرما اور مغل اعظم  شامل ہیں۔ ٹریجڈی کنگ دلیپ کمار نے فلم کوہ نور، آزاد اور گنگا جمنا میں کامیڈی اداکاری کرکے یہ ثابت کیا کہ وہ لوگوں کو ہنسانے کا فن بھی جانتے ہیں۔  وزیراعظم عمران خان  نیکہا کہ دلیپ کمار ورسٹائل اور انتہائی نفیس شخصیت کے حامل تھے،  انتقال کا جان کر دکھ ہوا۔ ان کی سخاوت کبھی نہیں بھول سکتا۔  شوکت خاتم ہسپتال کے لیے فنڈز جمع کرنے کی مہم میں ان کا کردار مثالی رہاہے۔ ان کی موجودگی کی بنا پر ہم ہسپتال کے لیے بھاری رقم اکٹھی کرپائے تھے۔صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دلیپ کمار عاجز‘پروقار اور بہترین شخصیت کے مالک تھے۔غم کی اس گھڑی میں دلیپ کمار خاندان کیساتھ ہیں۔ شہباز شریف نے دلیپ کمار کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور کا یوسف خان بالی ووڈ میں دلیپ کمار بن کر فن کے آسمان پر برسوں چھایا رہا اور لیجنڈ کی صورت دنیا سے رخصت ہوا۔ انکا فنی سفر فلمی دنیا کا یادگار ترین دور ہے۔ بلاول بھٹوزرداری ،وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا اللہ تعالیٰ یوسف خان کے درجات بلند کرے۔  فواد چوہدری نے کہا ہے کہ دلیپ کمار کی وفات فلمی دنیا کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے انتقال کو ایک دور اور ادارے کے اختتام سے تشبیہ دی۔ گلوکارہ لتا منگیشکر نے کہا ہے کہ آج دلیپ کمار نے اپنی چھوٹی بہن کا ساتھ چھوڑ دیا۔ شوبز شخصیات قوی خان ،عثمان پیرزادہ، ندیم بیگ، شاہد، مصطفی قریشی، جاوید شیخ، بابرہ شریف، شا ن، سنگیتا، دیبا، نشو، الطاف حسین، سید نور ، حسن عسکری، جرار رضوی ، احسن خان ، ہمایوں سعید سمیت دیگر نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دلیپ کمار کی صرف پاکستان اور بھارت ہی نہیں بلکہ دنیا میں پرستاروں کی تعداد کروڑوں میں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن