• news

پہلا ون ڈے، پاکستان ، انگلینڈ آج مد مقابل، موجودہ صورتحال آئیڈیل نہیں: بابر اعظم

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا میچ آج کارڈ ف میں کھیلا جائیگا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام پانچ بجے شروع ہو گا۔ انگلش ٹیم کو تیسری پوزیشن بچانے کا چیلنج درپیش ہوگا۔گرین شرٹس کے پاس 47 سال بعد ون ڈے سیریز جیتنے کا بہترین موقع ہے۔پاکستان کی انگلش سرزمین پر یہ بارہویں ون ڈے سیریز ہے، میزبان ٹیم نے 9 جیتیں جبکہ پاکستان انتخاب عالم کی قیادت میں واحد سیریز 1974 میں جیتا تھا۔پاکستان ٹیم کیلئے آئی سی سی ورلڈکپ سپر لیگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کا موقع ہے۔پاکستانی ٹیم 40پوائنٹس کیساتھ تیسرے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم 65 پوائنٹس کیساتھ پہلے اور اور بنگلہ دیش کی ٹیم 50پوائنٹس کیساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔اگر پاکستانی ٹیم  تینوں میچ جیت لیتی ہے توپہلے نمبرپربراجمان ہوجائیگی۔ ہر میچ جیتنے کے 10 پوائنٹس ہیں۔قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال آئیڈیل نہیں ۔ انگلینڈ کی ٹیم تبدیل ہونے پر مایوسی ہے لیکن حالات کو قبول کرنا ہے۔ ہمارا فوکس کرکٹ پر ہے، اب نیا پلان تیار کیا ہے۔ انگلینڈ کے کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کا افسوس ہوا ہے، کھلاڑی مشکل حالات میں کرکٹ کھیل رہے ہیں۔انگلینڈ اور پاکستان کرکٹ بورڈز نے  اعتماد دیا ہے، ہمارا فوکس اب پہلے ون ڈے میچ پر ہے۔ انگلینڈ کے کھلاڑی نئے ضرور ہیں لیکن انہیں جانتے ہیں، انگلش ٹیم چیمپئن ہے اسے آسان نہیںلیں گے۔ یونس خان کے ہوتے بیٹسمینوں کی کارکردگی اچھی رہی ، جو فیصلہ ہوا وہ معاملہ یونس خان اور پی سی بی کے درمیان ہے۔ ہم کمبی نیشن سے متعلق بہت پازیٹو ہیں اور ڈربی میں اچھی پریکٹس کا موقع ملا، کھلاڑیوں پر 100 فیصد اعتماد ہے۔ دوسری ٹیم کو دیکھ کر ٹیم تبدیل نہیں کرسکتے، کمبی نیشن بنانے کی کوشش کرینگے جس کا تقریباً فیصلہ کرچکے ہیں۔ انگلینڈ ٹیم کیساتھ جو ہوا مایوس کن ہے لیکن دورہ ختم ہونیکاخیال ذہن میں نہیں آیا۔ کھلاڑیوں پر پورا اعتماد ہے اچھا کھیل پیش کریں گے ٹاس کیوقت ٹیم کا اعلان کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن