بیٹنگ‘بائولنگ فلاپ ‘انگلینڈ نے پاکستان کو پہلا و ن ڈے 9وکٹوں سے ہرا دیا
لاہور (سپورٹس رپورٹر)انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میچ میں9وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ۔کارڈف میں کھیلے گئے میچ میں انگلش کپتان بین سٹوکس نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔اوپنر امام الحق میچ کی پہلی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔ کپتان بابر اعظم نے ایک گیند کھیلی تو دوسری پر سلپ میں بغیر کوئی رن بنائے کیچ آئوٹ ہوگئے ۔فخرزمان 47 اور شاداب خان 30 رنز بنا کر نمایاں رہے، محمد رضوان 13 ، ڈیبیو کرنیوالے سعود شکیل 5 ، صہیب مقصود 19 ‘ فہیم اشرف 5 ، حسن علی 6 اور شاہین شاہ آفریدی 12رنز بناکر چلتے بنے۔ قومی ٹیم 35.2 اوورز میں 141 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ فاسٹ بائولر ثاقب محمود نے چار ، میٹ پارکنسن اور کریگ اوورٹن نے دو‘ دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔انگلینڈ نے ہدف21.5 اوورز میں ایک وکٹ پر پورا کرلیا ۔فل سالٹ 7رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ ڈیوڈ ملان 68اور زاک کرالی58رنز پر ناقابل شکست رہے ۔ واحد وکٹ شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کی۔ ثاقب محمود کو میچ کابہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دوسرا میچ کل لارڈز میں کھیلا جائے گا۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن تین بجے شروع ہوگا۔