قوم کے اربوں روپے بچائے: شہباز شریف کارکرسگی کا کتا بچہ عدالت پیش
لاہور (اپنے نامہ نگار سے+ خصوصی رپورٹر) منی لانڈرنگ، رمضان شوگر ملز اور آشیانہ ریفرنسز میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے ایک بار پھر کمرہ عدالت میں اپنی خدمات کا ذکر کیا اور فاضل جج کو اپنی کارکردگی پر مبنی کتابچہ بھی پیش کیا۔ شہباز شریف نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے قوم کے اربوں روپے بچائے۔ بجلی کے منصوبے نواز شریف کی نگرانی میں لگائے۔ بجلی وافر اور سستی ترین تھی۔ یہ حقیر خدمت ہے اور ہم نے قوم کی خدمت کی ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے کارگردگی سے متعلق رپورٹ نیب کے تفتیشی کو دی؟۔ جس پر شہباز شریف نے کہا کہ بالکل سارا ریکارڈ نیب کو فراہم کیا تھا۔ میں یہاں کوئی سیاسی بات نہیں کروں گا۔ احتساب عدالت نے تینوں ریفرنسز پر کارروائی 16 اگست تک ملتوی کر دی۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر احتساب عدالت وفاقی کالونی کے اطراف میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور عام شہریوں کا داخلہ بند رکھا گیا۔ عدالتی کارروائی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں لیگی رہنما عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ تمام کیسز مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کے کہنے پر بنائے گئے ہیں۔ ایک ایک کر کے عدالتی فیصلوں میں سرخرو ہو رہے ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ خواجہ آصف اور احسن اقبال کی ضمانت کی درخواستوں پر عدالت کے تفصیلی فیصلے ہمارے اس موقف کی تصدیق ہیں کہ کوئی کرپشن نہیں ہوئی۔ ان فیصلوں نے ثابت کیا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ نے سیاسی انتقام کے لئے یہ مقدمات بنائے جو پوری طرح بے نقاب ہو چکے ہیں۔