• news

خیبر پی کے کی پولیس کرپٹ اور نااہل ہے: سپریم کورٹ

اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے ایک مقدمے کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ خیبر پی کے کی پولیس کرپٹ اور نااہل ہے۔ جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے قتل کے ملزم محمد امجد کی ضمانت سے متعلق کیس پر سماعت کی۔عدالت عظمیٰ نے ٹرائل مکمل نہ کرنے پر خیبر پی کے کی پراسیکیوشن ٹیم اور پولیس پر اظہار برہمی کیا، جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے ریمارکس دیئے کہ پشاور ہائی کورٹ نے تین ماہ میں ٹرائل مکمل کرنے کا حکم دیا تھا لیکن پراسیکیوشن نے ہائیکورٹ کے حکم کی پرواہ ہی نہیں کی، پراسیکیوشن نے ہائیکورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کی۔ 18 فروری کو چالان جمع ہوا اور اب تک تحقیقات مکمل نہیں ہو سکیں۔جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے ریمارکس دیئے کہ خیبر پی کے کی پولیس کرپٹ اور نااہل ہے، گولیوں کے21 خول ملے مگر ریکارڈ میں صرف 2 گولیاں لکھی گئیں، باقی گولیاں پتا نہیں آسمان پر چلی گئیں یا زمین میں دب گئیں، خیبر پختونخوا پولیس کو تفتیش کرنے کا طریقہ ہی نہیں آتا، پانچویں جماعت کا بچہ خیبر پختونخوا پولیس سے بہتر تفتیش کر لے گا، اگر تفتیش کا طریقہ ہی نہیں آتا تو عوام کا پیسہ کیوں ضائع کیا جارہا ہے، پولیس تفتیش سے متعلق ٹی وی ڈرامے دیکھ لے تو کافی کچھ سیکھ لیں گے، ایسے کام کرنا ہے تو بہتر ہے خیبر پی کے میں پولیس کا محکمہ ہی ختم کر دیں۔ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبر پی کے شمائل عزیز کی جانب سے بات کرنے کی اجازت کے لیے ہاتھ کھڑا کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ کو تو قانون کا پتا ہی نہیں، بچوں کی طرح آپ کو دوبارہ قانون پڑھانا پڑے گا۔ سپریم کورٹ کے حکم کی کاپی ایڈوکیٹ جنرل کے پی اور پراسیکیوشن ٹیم کو دی جائے۔ عدالت نے ٹرائل کورٹ کو کیس کا جلد فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست ضمانت نمٹا دی۔

ای پیپر-دی نیشن