• news

پاکستان کے ساتھ ہمیشہ مضبوطی سے کھڑے رہیں گے: چینی وزیر خارجہ

  اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا ہے کہ تمام ممالک کو وبائی امراض کو شکست دینے کے لئے اکٹھا ہونا چاہئے اور ویکسین کیلئے کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے پاکستان اور چین پر زور دیا کہ وہ مشترکہ مفادات کے تمام امور پر سٹرٹیجک مواصلات اور قریبی ہم آہنگی کو فروغ دیں۔ اس موقع پر نونگ رونگ نے  رواں ماہ  جے سی سی کے انعقاد کا اعلان کر دیا۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستان  چین اور امریکہ کے مابین ایک پل کا کردار ادا کرتا رہے گا۔ پاک چین تعلقات کسی تیسرے ملک کے خلاف نہیں ہیں۔ چین نے کسی ملک پر حملہ یا قبضہ نہیں کیا ہے اور نہ ہی فوجی مہم جوئی میں ملوث ہے۔ پاک چین سفارتی تعلقات  کی  70  ویں سالگرہ  کی یاد میں پاک چین انسٹی ٹیوٹ (پی سی آئی) نے کانفرنس کے اختتامی اجلاس کا اہتمام کیا۔ جس کا عنوان تھا، ’’پاک چین 70 سال ، مستقبل کا وژن‘‘۔آغاز میں پاکستان اور چین کے قومی ترانے بجائے  گئے۔ کانفرنس کا آغاز چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ مسٹر وانگ  ای نے ویڈیو کے ذریعہ خصوصی کلیدی خطاب سے کیا ۔ وانگ ای  نے پاکستان سے وابستگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قطع نظر کہ دنیا یا خطہ کس طرح تبدیل ہوتا ہے، چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ مضبوطی کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے پاک چین دوستی کو فروغ دینے میں کردار کے لئے سینیٹر مشاہد حسین کا بھی شکریہ ادا کیا۔سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا آج کا دن ایک تاریخی دن ہے کیونکہ اس دن سے 50 سال قبل ڈاکٹر ہنری کسنجر پی آئی اے پر اسلام آباد سے بیجنگ کے لئے روانہ ہوئے  تھے۔ پاکستان کی بدولت چین اور امریکہ کے مابین ایک پل کا کردار ہمیں جاری رکھنا چاہئے۔ سینیٹر مشاہد حسین نے 70 سالہ دوطرفہ تعلقات کی انفرادیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین تعلقات لین دین نہیں ہیں اور نہ ہی کسی تیسرے ملک کے خلاف ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن