مریم نواز بلاول بھٹو طفل مکتب کشمیر کی تاریخ کا پتہ نہیں فواد چوہدری
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ مریم نواز اور بلاول بھٹو سیاسی طور پر طفل مکتب ہیں، انہیں کشمیر کی تاریخ اور کشمیری عوام کی جدوجہد کا کچھ پتہ ہی نہیں، ان کے والدین پاکستان کی اربوں روپے کی دولت لوٹنے کے مقدمات میں ملوث اور مفرور ہیں، یہ ان کی جگہ پْر کر رہے ہیں، ان کی سیاست کا نہ کوئی نظریہ ہے اور نہ ہی کوئی مقصد، ان کی تقریروں سے بھی پتہ نہیں چل رہا کہ وہ کہنا کیا چاہ رہے ہیں؟۔ جمعہ کو بلاول بھٹو اور مریم نواز کی تقریروں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تیس تیس سال حکومت کرنے والوں کو پتہ نہیں کہ ان کی پالیسی کیا ہے اور یہ چاہتے کیا ہیں؟ یہ اپنے دور حکومت میں تو کلبھوشن کا نام لیتے ہوئے بھی ڈرتے تھے، انہوں نے کیا پالیسی چلانی ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کشمیر کے سفیر ہیں، آج نریندر مودی کو اس لئے مضبوط جواب دیا جا رہا ہے کہ یہاں عمران خان کی حکومت ہے، عمران خان نے کشمیر کے مسئلہ پر عالمی خاموشی توڑی، او آئی سی، سلامتی کونسل اور پوری دنیا میں کشمیر پر آواز بلند کی۔ انہوں نے کہا کہ جن کا پیسہ اور دولت بیرون ملک ہو، وہ کیسے پاکستان کے نظریئے کی حفاظت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں دونوں پارٹیوں نے دس سال حکومت کی لیکن کارکردگی صفر دکھائی۔ بہتر ہوتا جلسوں میں اپنی کارکردگی بتاتے، جنہوں نے سیاسی طعنوں کی محفل برپا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی ٹوٹی سڑکیں، صحت اور تعلیم کی سہولیات کے فقدان پر ن لیگ اور پی پی پی دونوں کی خاموشی کو کشمیری جانتے ہیں، کشمیر کے عوام کو دھوکہ نہیں دیا جا سکتا۔