بارہویں کے امتحانات شروع ن لیگ کا پرچے موخر کرنے پر قومی اسمبلی میں احتجاج واک آئوٹ
اسلام آباد (نامہ نگار) قومی اسمبلی میں حکومت نے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات موخر کرنے کا مطالبہ مسترد کر دیا جس پر مسلم لیگ (ن) نے احتجاجاً ایوان سے واک آئوٹ کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے راہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وعدہ کیا گیا تھا کہ وزیر تعلیم کے ساتھ معاملہ پر میٹنگ کا انتظام کیا جائے گا۔ حکومت نے ہمارے ساتھ کوئی رابطہ نہیں کیا۔ لاکھوں طلباء کے مستقبل کا مسئلہ ہے۔ حکومت کا رویہ درست نہیں۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر اسد قیصر کی صدارت میں ہوا۔ وزیر ہوا بازی غلام سرور خان سے گزشتہ روز اپوزیشن نے معاملہ اٹھایا تھا کہ بیرون ممالک میں پھنسے ہوئے پاکستانی جو مختلف پروازوں کے ذریعے پاکستان آ رہے ہیں،کچھ دوہا میں اور کچھ استنبول اور کچھ دوبئی میں پھنسے ہیں، سمندر پار پاکستانی ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں، 7.5ملین سمندر پار پاکستانی رجسٹرڈ ہیں، اس سال ریکارڈ 29ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں، برآمدات 24 ارب ڈالر سے کچھ زائد ہیں، یورپ ، یوکے، چین ، ملائشیا اور کینیڈا کے لئے براہ راست پروازوں میں 40فیصد اضافہ کر دیا گیا۔ اس کو 60سے 70فیصد تک کردیا جائے تاکہ دیار غیر میں بسنے والے پاکستانی جو عید پر پاکستان آنا چاہتے ہیں آ سکیں۔ پی آئی اے کی پروازیں اس پر لگائی ہیں،5جولائی کو 7پی آ ئی اے کی خصو صی پروازیں چلائیں، جن کے ذریعے1376لوگ واپس آئے، پی آئی اے نے 290خصوصی پروازوں کے ذریعے54116 کو باعزت طریقہ سے پاکستان میں پہنچایا، ہم نے خصو صی انتظامات کئے ، لندن ، مانچسٹر اور پیرس کے لئے چارٹر پروازیں چلائیں، 20جولائی تک کوئی بھی مسافر پاکستانی نہیں بچے گا، کوئی بھی پھنسا ہوا پاکستانی جو مشرق وسطی ، یورپ سے آ نا چاہے گا ، اس کو سہولت فراہم کی جائے گی۔ وزیر اعظم کے معاون خصو صی برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے توجہ دلائو نوٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم میں سے 50فیصد گھر اپنی مرضی سے اپنے لوگوں کو دیں گے اور 50 فیصد گھر نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم کے تحت جن لوگوں نے درخواستیں جمع کرائی ہیں، ان کو دیں گے۔ ساڑھے تین مرلہ سے پانچ مرلہ کے 45000ہزار مکانات پر کام مئی 2020 سے کام شروع ہو چکا ہے۔ اقساط 6000 ہزار سے 10ہزار ماہانہ تک رکھی گئی ہے۔ ملک کی بارہ مضافاتی تحصیلوں میں کم لاگت کے منصوبوں کا حال ہی میں افتتاح کیا ہے، قرض کے لئے 33506 درخواستیں ابھی تک آئی ہیں۔ ان کیلئے 110ارب روپے رکھے گئے ہیں، 35ارب روپے 30کروڑ قرض منظور ہوچکا ہے۔ پاکستان میری ٹائم زونز بل 2021 اور پٹرولیم (ترمیمی ) بل 2021ایوان میں پیش۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے وفاقی تعلیم وجیہہ اکرم نے کہاکہ گزشتہ روز بڑی تفصیل سے جواب دیا تھا امتحانات میں تاخیر نہیں ہوسکتی۔ سندھ اور بلوچستان میں امتحانات ہوچکے ہیں، اب وفاقی بورڈ کا امتحانات لیٹ نہیں ہوسکتا۔ اس دوران شیخ فیاض الدین نے کورم کی نشاندی کردی، جس پر کورم نامکمل نکلا۔ جس پر سپیکر نے اجلاس پیر کی شام ساڑھے چار بجے تک ملتوی کردیا۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پنجاب بھر کے ایجوکیشن بورڈز کے تحت بارہویں جماعت کے امتحانات آج سے شروع ہو رہے ہیں۔ گوجرانوالہ بورڈ نے ڈیڑھ لاکھ سے زائد امیدواروں کے لئے 459 امتحانی سنٹر قائم کر دیئے۔ امتحانی سنٹرز پر کرونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق آج سے پنجاب کے تمام ایجوکیشن بورڈز میں انٹر پارٹ ٹو کے امتحانات شروع ہوگئے ہیں۔