گنڈا پور کی ویڈیو کا معاملہ وزیراعظم پاکستان ریاستی وسائل استعمال نہ ہونے دیں
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور کی رقم تقسیم کرنے کی ویڈیو کے معاملے پر آزاد کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ دیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا کی جانب سے بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزرا کو الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ 2021 کی خلاف ورزی سے روکا جائے اور صوبائی وزرا کو بھی الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ پر پابندی کی ہدایت کریں۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر انتخابات کا آزادانہ و منصفانہ انعقاد یقینی بنائے، کسی سیاسی جماعت کی حمایت یا مخالفت میں ریاستی وسائل استعمال نہ کیے جائیں جب کہ وفاقی، آزاد کشمیر اور صوبائی حکومتیں کوڈ آف کنڈکٹ پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ جس امیدوار کے حلقے میں خلاف ورزی ہوئی اسے نااہل قرار دیا جائے گا۔