کرونا تعاون پر چین کا شکر یہ افغان امن کیلئے قطر کا کردار تعمیری آرمی چیف
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی سفیر نونگ رونگ اور قطر کے خصوصی نمائندے متلاق بن ماجد القحطانی نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں جن میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چینی سفیر کے ساتھ ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پر پیشرفت پر گفتگو ہوئی۔ آرمی چیف نے کرونا کے دوران تعاون پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ چینی سفیر نونگ رونگ نے خطے میں امن کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے باہمی سفارتی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ دوسری جانب قطر کے انسداد دہشت گردی اور تنازعات کے حل سے متعلق نمائندہ خصوصی متلاق بن ماجد القحطانی نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس ملاقات میں علاقائی سکیورٹی اور افغانستان کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں افغانستان میں مفاہمتی اور سہولت کاری سے متعلق عمل پر بھی غور جبکہ مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے قطر کے افغان امن عمل میں تعمیری کردار کو سراہا اورکہا کہ امید ہے قطر خطے میں امن واستحکام کیلئے تعاون جاری رکھے گا۔ قطری نمائندے نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔