معاشرے میں خود غرضی عام ہورہی ہے: مولانا فضل الرحمن بن محمد
لاہور (خصوصی نامہ نگار) انجمن اہلحدیث لاہور کے صدر اور جامع محمدی سنت نگر فردوس پارک کے خطیب مولا نا فضل الرحمن بن محمد نے خطبہ جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے معاشرے میں انسانی ہمدردی ، خلوص ، پیار و محبت کی بجائے خود غرضی اور مطلب پرستی عام ہوتی جا رہی ہے۔ پہلے لوگوں میں دوسروں سے خیر خواہی کا جذبہ عام تھا۔ اب مہنگائی نے وہ جذبہ سرد کر دیا ہے۔ ہمارا ملکی نظام ان لوگوں کے ہاتھوں میں ہے جو اسلام کے بارے میں منفی خیالات رکھتے ہیں اور ملکی معیشت کو تباہ کرنے کے درپے ہیں۔ اہل اسلام ہر قسم کی صلاحیتوں اور وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود ذاتی مفادات کی وجہ سے مغلوب و محکوم ہوگئے ہیں۔ حکومتی اخراجات میں سادگی اپنانے کی اشد ضرورت ہے۔ نبی پاک نے اپنے اور خلفائے راشدین کے ذریعے عملی نمونہ قائم کرکے دکھایا۔