• news

سند یافتہ جعلساز کشمیر کے جعلی وکیل بن کر عوام کو دھوکہ نہیں دے سکتے عثمان بزدار

لاہور(نیوزرپورٹر)وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر جرات مندانہ موقف اپنا یاہے۔ وزیراعظم نے مودی سرکار کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کشمیر کی بات کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کشمیر کے حقیقی وکیل ہیں۔ قوم جانتی ہے کہ سابق حکمرانوں نے کشمیر کا سوداکرنے کی مذموم کوشش کی اور ماضی کے حکمرانوں نے کشمیری عوام کے مفادات پر تجارت کو ترجیح دی۔ سابق ادوار میں تنازعہ کشمیر کی بجائے ذاتی تعلقات کو پرموٹ کیا گیا۔ پاکستان کے سند یافتہ جعلساز الیکشن میں کشمیر کے جعلی وکیل بن کر عوام کو دھوکہ نہیں دے سکتے۔عمران نے مسئلہ کشمیر کو ہربین الاقوامی فورم پر بھر پور طریقے سے اٹھایا ہے۔ اپوزیشن کے ناسمجھ لوگ کشمیر کے اہم تنازعہ پر بھی سیاست چمکا رہے ہیں۔ مسئلہ کشمیر پر پوائنٹ سکورنگ کرنا اپوزیشن کو زیب دیتاہے اور نہ ہی یہ قومی مفاد میں ہے۔آزاد کشمیر کی انتخابی مہم کے دوران عقل سے عاری ان سیاستدانوں کی بیان بازی انتہائی قابل مذمت ہے۔آر پار کی سیاست کرنے والوں کو متنازعہ بیان باز ی پرقوم سے معافی مانگی چاہیے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ وفاقی وزیر صاحبزادہ محمد محبوب سلطان نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ترقیاتی منصوبوں اورسیاسی صورتحا ل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی طرح کھوکھلے نعرے نہیں لگائے، صرف کام پر یقین رکھتے ہیں۔شو بازی کا زمانہ بیت چکا۔ عوام کی بے لوث خدمت کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ اپوزیشن 2023تک انتظار کرے۔آبادی کے عالمی دن پرپیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ بڑھتی آبادی کے ساتھ تیزی سے بڑھتے مسائل کرہ ارض پر انسانی بقاء کے لئے خطرہ ہیں۔آبادی میں بے پناہ اضافہ صحت، تعلیم اور روزگارکے مسائل کو ترویج دیتا ہے۔علاوہ ازیں عثمان بزدار نے راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں بارش کے پانی کی جلد نکاسی کاحکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ واسا حکام اور انتظامیہ نکاسی آب کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور نکاسی آب کے کام کو جتنی جلد ہو مکمل کیا جائے۔بارشی پانی کے جلد نکاس میں غفلت برداشت نہیں کروں گا۔

ای پیپر-دی نیشن