ایف آئی اے نے ہراساں کیا حکومت غربا پر مہنگائی کا پہاڑ توڑ رہی شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر، اپنے نامہ نگار سے) شہباز شریف نے الزام عائد کیا ہے کہ ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم نے انہیں ہراساں کیا، ان سے غیر مناسب رویہ رکھا اور بے ہودہ گفتگو کی جب تفتیشی ٹیم کا رو یہ ان سے برداشت نہ ہواتو انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ ایسا کیوں کررہے ہو ؟ ایف آئی اے افسر اونچی اونچی آواز میں ہنس کران کا مذاق اڑاتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے شوگر ملز میں اپنی فیملی کے اربوں روپے کا نقصان کیا بیوائوں اور پنجاب کی غریب عوام کی خدمت کی، فیملی کے افراد کی مخالفت کی اور عوام کو سستی چینی دی جبکہ ان کی حکومت آنے سے پہلے 20،20 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہورہی تھی۔ ہم نے پنجاب کے لئے آمدن کا ایک ذریعہ تلاش کیاجس سے عوام کو صحت اور تعلیم کے لئے وسائل میسر آئے۔ نیب مقدمات کے بعد اب ایف آئی اے کو میرے خلاف وہی کیسز دے دیئے گئے ہیں الزام ہے میں نے منصوبوں میں کمیشن کھائی جبکہ ان تمام الزامات کا وہ ایف آئی اے کو پہلے ہی جواب دے چکے ہیں۔ دوسری جانب ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عام استعمال کی ضروری اشیاء کی قیمتوں میں جون 2020 کے مقابلے میں جون 2021 میں 15.37 فیصد کا خوفناک اضافہ ہوا در حقیقت یہ موجودہ حکومت کی بد انتظامی اور بے حسی کے خلاف فردِ جرم ہے جبکہ بدترین امر یہ ہے کہ قیمتوں کے احساس اشاریئے میں 20 فیصد غریب ترین پاکستانیوں کے لئے مہنگائی میں 17.58 فیصد کا ظالمانہ اضافہ ہواجس کا مطلب ہے کہ جو شخص جتنا غریب ہے، وہ اتنا ہی زیادہ مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے۔ مالی سال کے اختتام پر ایک سال میں ہونے والی مہنگائی غریب عوام کیلئے قیامت صغریٰ سے کم نہیں۔ حکومت کے اقدامات غریبوں کی غربت بڑھانے اور ملکی ترقی کی اْلٹی گنتی کا باعث ہیںموجودہ حکومت پراپرٹی اور سٹاک مارکیٹ کے طاقتور اور امیر طبقات کے لئے خوشی خوشی ٹیکس ایمنسٹی سکیم لاتی ہے لیکن معاشرے کے غریب ترین طبقات پر مہنگائی کے ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔ حکومت نے غریبوں کو رعایت دینے کے بجائے لگژری گاڑیوں کی امپورٹ پر رعایت دی موجودہ حکومت نے آٹے، چینی، گھی اور خوردنی تیل پر سبسڈی اور رعایت دینے کو ترجیح نہیں بنایا حکومت کی توجہ یہ تھی کہ امپورٹڈ گاڑیاں سستی ہوجائیں۔ دوسری جانب ایڈیشنل سیشن جج نے شوگر سکینڈل کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں 2 اگست تک توسیع کر دی۔ منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز عبوری ضمانت میں توسیع کے لیے عدالت پیش ہو ئے۔ سماعت کے بعد عطا اللہ تاڑر نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ شہباز شریف نے چینی پر ایک روپے کی سبسڈی نہیں دی تمام کیسز منطقی انجام کو پہنچ رہے ہیں۔