• news

عمران بزدل، آزاد کشمیر کو صوبہ بنانے کی مزاحمت کرینگے: مریم نواز

ہٹیاں بالا (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے آزاد کشمیر کو صوبہ بنانے کی کوشش کی مزاحمت کرنے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے لیے دی گئیں قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ آزاد جموں و کشمیر کے علاقے ہٹیاں بالا میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مجھے کشمیر میں مہم چلانے کے لیے نہیں آنا پڑتا بلکہ کشمیر میرا گھر ہے۔ جس طرح نواز شریف کی رگوں میں کشمیر کا خون ہے، اسی طرح مریم نواز کے رگوں میں بھی کشمیر کا خون ہے۔ نواز شریف اور مریم نواز کا کشمیر کے ساتھ خون کا رشتہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ راجا فاروق حیدر نے قدم بڑھایا ہے اور اب آپ ساتھ دیں۔ انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کا کلچر تبدیل کرتے ہوئے وفاداری کی ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ عوام کے نعروں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ ہر جگہ یہ نعرہ لگاتے ہیں کہ بچہ بچہ کٹ مرے گا کشمیر صوبہ نہیں بنے گا تو اس نعرے کو پورا کرنے اور پایہ تکمیل تک پہنچانے اور کشمیریوں کی اس خواہش کو پورا کرنے کے لئے نواز شریف اور راجا فاروق حیدر جیسے شیر چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جیسے کشمیر فروش، بزدل انسان جو کشمیر کا مقدمہ ہار کر آیا، اس کا کام توڑنا ہے اور اب وہ کشمیر پر نظر لگا کر بیٹھا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ کشمیر پر نظر لگا کر بیٹھنے والو، ووٹ چوری کی عادت رکھنے والو، کشمیر کے ووٹوں پر اگر تم نے ڈاکا ڈالا تو یاد رکھنا اس دفعہ تمہارا مقابلہ شیر راجا فاروق حیدر کے ساتھ ہے۔ اگر تم نے کشمیریوں کا ووٹ چوری کرنے کی کوشش کی تو راجا فاروق حیدر تمہیں نہیں چھوڑے گا۔ مریم نواز نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ میرے وطن تیری جنت میں آئیں گے ایک دن، ستم شعار سے تم کو چھڑائیں گے ایک دن۔ ان شاء اللہ نواز شریف کی قیادت میں ایک دن چھڑائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں سے 8 میل کی دوری پر لائن آف کنٹرول ہے اور جس سے سڑک سے میں یہاں آئی ہوں یہ سڑک سیدھی سری نگر جاتی ہے۔ تو میرا سرحد پار بھی یہی پیغام ہے کہ میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑی ہوں۔ نواز شریف مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ ہم ہر اس ماں کے ساتھ کھڑے ہیں، جس نے کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں اپنے بچے گنوائے ہیں۔ ہم ہر اس باپ کے ساتھ کھڑے ہیں، جس نے اپنے جوان بیٹے کی شہادت پر اس کو کندھا دیا ہے۔ میں ہر اس بہن کے ساتھ کھڑی ہوں، جس نے کشمیر کی آزادی میں اپنی عزت کا نذرانہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، نہ ہم اس کو بھولیں گے اور ان شاء اللہ اس کو بھولنے بھی نہیں دیں گے۔ میرے سامنے بڑی تعداد میں کھڑیں ہٹیاں بالا کی خواتین کو میرا سلام ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ اب عمران خان آزاد کشمیر کا رخ کرنے والا ہے۔ میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کی طرف سے یہ پیغام دینا چاہتی ہوں کہ عمران خان جب کشمیر کا رخ کرنا تو اپنا نامہ اعمال بھی لے کر آنا۔ کیونکہ کشمیری تم سے سوال کریں گے کہ بھارت کو 73 سال میں پہلی مرتبہ کشمیر پر شب خون مارنے کی ہمت کیسے ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ امریکا سے واپسی پر تم نے کہا تھا کہ میں ورلڈ کپ جیت کر آیا ہوں تو کشمیری تم سے یہ سوال کریں گے کہ وہ ورلڈ کپ کون سی الماری میں چھپا کر رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری تم سے سوال کریں گے کہ تم نے جو دو منٹ کی خاموشی اختیار کی تھی وہ کب ٹوٹے گی۔ کشمیری پوچھیں گے کہ تم نے کشمیر کے حق میں کتنی قراردادیں منظور کرائیں۔ تم نے اسلامی سربراہی کانفرنس میں کیا سب کو قائل کرنے کی کوشش کی کہ بھارت کو قائل کریں کہ وہ اپنے ظالمانہ اقدامات سے پیچھے ہٹیں۔ کون کون سے دوست ممالک کو اکٹھا کیا۔ ملک میں صرف ایک ہی شخص خوشحال ہے اس کا نام عمران خان ہے۔ عمران خان کشمیر کا رخ کرنے والے ہیں۔ عمران خان کو پیغام دیتی ہوں کہ جب کشمیر کا رخ کرنا تو اپنا نامہ اعمال بھی اپنے ہاتھ میں لے کر آنا۔ نہ عمران خان کے گھر میں لوڈشیڈنگ ہوتی ہے نہ اس کے کاروبار کو کوئی فرق پڑتا ہے۔ عمران خان کو نہ آٹے کی لائن میں لگنا پڑتا ہے‘ نہ اسے چینی کی لائنوں میں لگنا پڑتا ہے۔ وہ مہنگائی کرنے میں مصروف ہے‘ وہ عوام کی زندگی کو تباہ کرنے میں مصروف ہے۔ کشمیری عمران خان سے پوچھیں گے کہ وہ ورلڈ کپ کس الماری میں چھپا کر رکھ دیا ہے۔ کشمیری تم سے پوچھیں گے کہ کشمیر کے حق میں کتنی قراردادیں منظور کرائیں۔ نواز شریف نے قربانیاں دے کر بتا دیا عمران خان کہاں سے آئے ہیں اور ان کو لانے والا کون ہے؟۔

ای پیپر-دی نیشن